توہین عدالت کی کارروائی کے لئے دائر درخواست پر چیئرمین پاکستان ریلوے کو نوٹس جاری

پیر 1 جون 2020 21:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی کارروائی کے لئے دائر درخواست پر چیئرمین پاکستان ریلوے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے بیوہ خاتون نرگس بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار خاتون نے موقف اپنایا کہ اس کے شوہر کا دوران سروس انتقال ہوا لیکن اسے وزیر اعظم ریلیف پیکج کے تحت معاوضہ کی رقم ادا نہیں کی گئی ۔

اس سلسلہ میں چیئرمین پاکستان ریلوے سمیت متعلقہ حکام کو متعدد درخواستیں دیں لیکن کوئی شنوائی نہ ہوئی۔ اس سلسلہ میں لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ فاضل عدالت نے چیئرمین پاکستان ریلوے کو درخواست گزار کو سن کر قانون کے مطابق فیصلے کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم فاضل عدالت کے حکم کی تعمیل نہیں کی جارہی ۔استدعا ہے کہ چیئرمین پاکستان ریلوے کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔