امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مظاہرے ختم کرنے کے لیے مسلح افواج بھیجنے کی دھمکی

منگل 2 جون 2020 13:02

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مظاہرے ختم کرنے کے لیے مسلح افواج بھیجنے کی ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2020ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مظاہرے ختم کرنے کے لیے مسلح افواج بھیجنے کی دھمکی دے دی۔ برطانوی خبر رساں ادراے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ شام کو وائٹ ہائوس روز گارڈن میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکی گورنرز اور میئرز مظاہورں کو روکنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات حاصل کریں اور اگر کوئی ریاست یا شہر اپنے شہریوں کی زندگیوں اور املاک کا تحفظ کرنے میں ناکام ہوتی ہے تو پھر وہ امریکی مسلح افواج تعینات کر کے فوری طور پر مسئلہ حل کردیں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ تمام امریکی شہری سیاہ فام شخص جارج فلوئیڈ کی ہلاکت پر غم و غصہ اور بغاوت کا اظہار کر رہے ہیں لیکن اس کی موت کو مشتعل ہجوم کی نظر نہیں کیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واشنگٹن میں لوٹ مار اور تشدد و بدامنی کو انتہائی ذلت آمیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مسلح افواج، ملٹری عملے اور قانون نافذ کرنے والے افسران بھیج رہے ہیں تاکہ فسادات ، لوٹ مار ، توڑ پھوڑ، حملوں اور املاک کی تباہی کو روکا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ذمہ داران کو بھاری جرمانے اور طویل المدتی قید کی سزائیں دیں گے۔ واضح رہے کہ امریکی شہر منی ایپلس کی46 سالہ سیاہ فام جارج فلوئیڈ پولیس کی تحویل میں تشدد سے ہلاک ہوئے تھے جس کے خلاف امریکا کی تقریبا سبھی50 ریاستوں میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور اس دوران تشدد کے بڑے واقعات پیش آئے ہیں جس پر قابو پانے کے لیے نیو یارک سمیت بیشتر شہروں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے اور سینکڑوں لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ وائٹ ہاس کے باہر گزشتہ روز ہونے والے مظاہرے کیے گئے اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز نے آنسو گیس کے شیلز اور سانڈ گرینیڈ کا استعمال کیا۔