امریکا اور اسرائیل دنیا کے سب سے بڑے مجرم اور دہشت گرد ہیں،حماس

جارج فلویڈکا قتل امریکا اور اسرائیل کی سفاکیت، دہشت گردی اور نسل پرستی کا کھلا ثبوت ہے،بیان

منگل 2 جون 2020 14:36

امریکا اور اسرائیل دنیا کے سب سے بڑے مجرم اور دہشت گرد ہیں،حماس
غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2020ء) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل پوری دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد، نسل پرست، انتہا پسندی کے حامی اور جرائم کو آئینی شکل دینے والے قابل نفرت ملک ہیں۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمام فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا کہ بیت المقدس میں ایک ذہنی معذور فلسطینی لڑکے ایاد احمد کی اسرائیلی فوج کے ہاتھوں بے رحمانہ شہادت اور امریکا میں ایک سیاہ فام جارج فلویڈ کا وحشیانہ قتل امریکا اور اسرائیل کے بھیانک چہروں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی تیار کردہ افواج دنیا بھر میں دہشت گردی کی مرتکب ہو رہی ہیں۔فوزی برھوم کا کہنا تھا کہ بیت المقدس میں ایاد الحلاق کی شہادت اور امریکا میں سیاہ فام جارج فلویڈ کو پھندہ ڈال کر قتل کرنے کا واقعہ امریکا اور اسرائیل کی سفاکیت، دہشت گردی اور نسل پرستی کا کھلا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

امریکا اور اسرائیل کے سیکیورٹی ادارے عالمی دہشت گرد ہیں۔ترجمان نے کہا کہ واشنگٹن اور تل ابیب اپنے سیکیورٹی اداروں کے جنگی جرائم پرپردہ ڈالنے اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں ملوث عناصر کو تحفظ دینے کے مرتکب ہیں۔ دہشت گردی کی پشت پناہی، اسے درآمد کرنے اور پوری دنیا میں دہشت گردی کو فروغ دینے میں امریکا اور اسرائیل پیش پیش ہیں۔