پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کے باوجود انتظامیہ ایبٹ آباد شہر کے اندر چلنے والی سوزوکی کرایوں میں کمی نہیں لا سکی

بدھ 3 جون 2020 15:45

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کے باوجود ایبٹ آباد شہر کے اندر چلنے والی سوزوکی کرایوں میں کمی نہیں آ سکی۔ سوزوکی یونین کے سامنے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی گرفت کمزور پڑتی دکھائی دے رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق دو ماہ میں پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 50 فیصد تک کمی دیکھنے میں آئی ہے، پٹرول کی قیمت میں 50 روپے تک فی لیٹر کمی اور ڈیزل کی قیمت میں بھی 50 روپے سے زائد کی کمی کی گئی ہے تاہم ابھی تک اس کمی کا غریب عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ سکا۔

ایبٹ آباد شہر میں چلنے والی سوزوکیوں جو منڈیاں، کاکول، نواں شہر، ملکپورہ، سہلڈ اور دیگر علاقوں کیلئے چلتی ہیں، کا کرایہ بدستور 20 روپے ہے حالانکہ موجودہ صورتحال میں پٹرول پر چلنے والی سوزوکی کا کرایہ دس روپے کر دیا جانا چاہئے تھا۔

(جاری ہے)

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد شہر کے اندر چلنے والی زیادہ تر سوزوکیاں پولیس ملازمین اور دیگر سرکاری ملازمین کی ہیں جو نہیں چاہتے کہ سوزوکی کا کرایہ کم ہو اور نہ ہی کرایہ کم ہونے دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایبٹ آباد میں ایک پولیس اہلکار کی تین تین چار چار سوزوکی گاڑیاں ہیں، ایبٹ آباد شہر کے اندر سرکاری ملازمین کا سوزوکی چلانا رواج بن چکا ہے، شہر میں سوزوکی کے کرایہ میں کمی نہ ہونے کی بنیادی وجہ بھی یہ پولیس افسران و اہلکاران ہیں۔