پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں رواں مالی سال کے دوران 127 فیصد اضافہ ہوا، سٹیٹ بینک

جمعرات 4 جون 2020 11:48

پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں رواں مالی سال کے دوران ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2020ء) رواں مالی سال کے دوران پاکستان میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں 127 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا اپریل 2019-20ء کے دوران ملک میں 2.281 ارب ڈالر کی ایف ڈی آئی کی گئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 1.006 ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران ایف ڈی آئی میں 1.275 ارب ڈالر یعنی 127 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری الیکٹرسٹی اور گیس سپلائی سیکٹر میں کی گئی جو 350.1 ملین ڈالر کے مقابلہ میں جاری مالی سال میں 626.7 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

اس طرح غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے والا دوسرا بڑا سیکٹر ٹیلی کمیونیکیشن رہا ہے جس میں جولائی تا اپریل 2019-20ء کے دوران 509 ملین ڈالر سرمایہ کاری کی گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 115 ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی کی گئی تھی۔

ایس بی پی کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں ان دو شعبوں میں 450 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی جبکہ رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران دونوں شعبہ جات میں 1.136 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کان کنی کے شعبہ میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری بھی 218 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 78 فیصد کے اضافہ سے 389 ملین ڈالر تک بڑھی ہے جبکہ فنانس اور انشورنس سیکٹر میں کی جانے والی ایف ڈی آئی 2.24 فیصد کی کمی سے 258.4 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 252.6 ملین ڈالر تک کم ہوئی ہے۔