ابو ظہبی سے قومی فضائی کمپنی کی ایک اور پرواز 149 سمندر پار پاکستانیوں کو لیکر فیصل ۱ٓباد پہنچ گئی،

جہاز میں ایک میت بھی لائی گئی ہے، مسافروں کو ایئرپورٹ پر سکریننگ،ٹیسٹنگ و سیمپلنگ کے بعد مختلف مقامات پر قرنطینہ کردیا گیا،کورنٹائن سنٹرز کے حکام کو مسافروں کو تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کی ہدایت

جمعرات 4 جون 2020 12:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2020ء) فیصل ۱ٓباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روزانہ کی بنیاد پر بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ابو ظہبی سے قومی فضائی کمپنی کی ایک اور پرواز 149 سمندر پار پاکستانیوں کو لیکرگزشتہ روز فیصل ۱ٓباد پہنچ گئی ہے جس کے مسافروں کو ایئرپورٹ پرسکریننگ، ٹیسٹنگ و سیمپلنگ کے بعد مختلف مقامات پر قرنطینہ کردیاگیاہے اورکورنٹائن سنٹرز کے حکام کو مسافروں کو تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کی ہدایت بھی کی گئی ہے جبکہ جہاز میں ایک میت کو بھی لایا گیا ہے جسے سرگودھا میں تدفین کیلئے اس کے ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔

فیصل ۱ٓباد ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنرفیصل ۱ٓباد محمد علی کی ہدایت پر سول ڈیفنس آفیسر رانا محمد عباس نے ابوظہبی سے آنے والی فلائٹ پی کے 8218 کے مجموعی طور پر 149 مسافروں کے ایئرپورٹ پر اپنی نگرانی میں کورونا وائرس جانچ کے ٹیسٹ کرانے کے بعد انہیں قرنطینہ سنٹر اور نجی ہوٹلز منتقل کروایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ128 مسافروں کو جی سی یونیورسٹی نیو کیمپس گرلز ہوسٹل جھنگ روڈ،16کو گرینڈ ہوٹل،3کو ہوٹل ون اورایک کو لاہورمیں ہائوس کورنٹائن کیلئے بھجوادیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے قرنطینہ سنٹر پر مسافروں کے قیام کیلئے بہترین انتظامات موجود ہیں جنہیں افسران کی طرف سے لمحہ بہ لمحہ مانیٹر بھی کیا جارہا ہے جبکہ نیگیٹو آنے والے مسافروں کو بلاتاخیر ان کے گھروں میں بھجوایا جارہا ہے تاکہ نئے ۱ٓنیوالے افراد کیلئے کورنٹائن سنٹرز میں جگہ خالی رکھی جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ کمشنر فیصل ۱ٓباد ڈویژن عشرت علی، ڈپٹی کمشنر فیصل ۱ٓباد محمد علی اور دیگر حکام بھی کورنٹائن سنٹرز کے دورے کر کے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے اپنے آفس میں ضلعی انتظامیہ اور پاک آرمی کے اعلی افسران سے ملاقات کے دوران فیصل ۱ٓباد میں کورونا کی موجودہ صورتحال ،اس سے بچائو اور تدارکی انتظامات سمیت جاری اقدامات اور زیر علاج مریضوں کے علاج معالجہ کے حوالے سے آگاہی حاصل کی ہے جبکہ اس موقع پرڈپٹی کمشنر فیصل ۱ٓباد محمد علی،وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر ظفر علی چوہدری،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

انہوں نے بتایا کہ اس موقع پرڈویژنل کمشنر عشرت علی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کے علاج معالجہ پرمامور ڈاکٹرز،نرسز وپیرا میڈیکل سٹاف کی صحت کا ہر ممکن خیال رکھا جائے اورانہیں حفاظتی سازوسامان وکٹس کی فراہمی میں رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نیگیٹو آئے ہوئے مسافروں کو ان کے آبائی گھروں میں بھجوانے میںبھی تاخیر نہ کی جائے۔