پنجاب میں رواں ماہ 34 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہونے کا خدشہ

نئے کیسز کے بعدجون میں مجموعی مریضوں کی تعداد 60 ہزار تک پہنچ جائے گی، لاک ڈاؤن میں نرمی کیسز اور اموات میں اضافے کی وجہ بنی ہے۔ کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا میں محکمہ صحت پنجاب کی رپورٹ میں انکشاف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 4 جون 2020 16:08

پنجاب میں رواں ماہ 34 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہونے کا خدشہ
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04 جون 2020ء) پنجاب میں رواں ماہ مزید 34 ہزار کورونا کیسز رپورٹ ہوسکتے ہیں، جس کے بعد پنجاب میں کل کورونا مریضوں کی تعداد 60 ہزار تک پہنچ جائے گی، کیسزاوراموات میں اضافے کی وجہ لاک ڈاؤن میں نرمی بتائی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کی کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا میں حکومت کو خبردار کیا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث کیسز اور اموات میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں رواں ماہ مزید 34 ہزار کورونا کیسز رپورٹ ہوسکتے ہیں، جس کے بعد پنجاب میں کل کورونا مریضوں کی تعداد 60 ہزار تک پہنچ جائے گی۔ گزشتہ 2 ہفتوں میں پنجاب میں کورونا کا پھیلاؤ 4.1 ایک فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح پنجاب میں ٹیسٹنگ کی صلاحیت بھی 10 فیصد مزید بڑھ جائے گی۔

(جاری ہے)

جس سے مزید نئے کیسز رپورٹ ہوں گے۔ پنجاب میں 30 مئی کو 24 گھنٹے میں سب سے زیادہ اموات رپورٹ کی گئیں، جو کہ دنیا میں سب سے زیادہ اموات والے علاقوں میں 15ویں نمبر پر ہے۔

اسی طرح 31 مئی کو بھی سب زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے اور پنجاب دنیا بھر میں 15 ویں نمبر پر آیا ہے۔ اب یومیہ کیسز کی تعداد 1100 سے زیادہ رپورٹ ہو رہے ہیں، جس سے خدشہ ہے کہ پنجاب میں رواں ماہ مزید 34 ہزار کورونا کیسز رپورٹ ہوسکتے ہیں۔ دوسری جانب وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس ہوا۔

جس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹر آصف طفیل، ڈاکٹر خالد مسعود، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے ادویات، پلازمہ تھریپی، آئی سی یوز، ایچ ڈی یوز، آپریشن رومز، وینٹی لیٹرز کی تعداد و دیگر طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ کئیر پروفیشنلز اور سرکاری ملازمین کیلئے بستروں کو مختص کر دیا گیا ہے، ریسکیو 1122 کو عوام کی سہولت کی خاطر اپنی سروسز مزید کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔