احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میںشہباز شریف اور انکے بیٹے حمزہ شہباز کو فرد جرم کی کارروائی کے لیے ذاتی حیثیت میں11 جون کو طلب کرلیا

جمعہ 5 جون 2020 13:45

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں سابق وزیر اعلی پنجاب و مسلم لیگ ن کے صدرشہباز شریف اور انکے بیٹے حمزہ شہباز کو فرد جرم کی کارروائی کے لیے ذاتی حیثیت11 جون کو طلب کرلیا۔احتساب عدالت کے جج امجد نذیرچودھری نے رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت کی۔ دوران سماعت جیل حکام نے عدالت کو بتایا کہ کرونا وائرس کے باعث حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، جس پر عدالت نے ایس پی ہیڈکوارٹر کو حکم دیا کہ فرد جرم کی کارروائی کے لیے آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو ہر حال میں عدالت پیش کیا جائے جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت پر شہباز شریف کو بھی ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب آشیانہ اقبال ریفرنس پرملزمان کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور شہباز شریف کے شریک ملزم شاہد محمود کے وانٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیے گے کہ لاہور ہائیکورٹ نے چار ماہ میں ریفرنس کا ٹرائل مکمل کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔لہذا آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کی پیشی کو یقینی بنایا جائے تاخیر کس صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما و پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 18جون تک توسیع کردی۔