سینٹ کا اجلاس،کورونا وبا سے انتقال کرنے والے ارکان اسمبلی وشہریوں، سرحد پر شہید جوانوں، ارکان اور کراچی طیارہ حادثہ کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی

جمعہ 5 جون 2020 15:49

سینٹ کا اجلاس،کورونا وبا سے انتقال کرنے والے ارکان اسمبلی وشہریوں، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2020ء) سینٹ اجلاس میں کورونا وائرس سے شہید ہونے والے ارکان اسمبلی سمیت دیگر پاکستانیوں، سرحد پر شہید ہونے والے جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ارکان اور کراچی طیارہ حادثہ کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کرائی گئی۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اجلاس کے دوران چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری سے کہا کہ وہ رکن قومی اسمبلی میاں منیر اورکزئی، سندھ کے صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ، رکن صوبائی اسمبلی شوکت منظور، شاہین رضا کے کورونا کے باعث انتقال اور اس وباء سے جاں بحق ہونے والے دیگر پاکستانیوں، سرحدوں پر جام شہادت نوش کرنے والے اداروں کے جوانوں اور کراچی طیارہ حادثہ کے شہداء کے لئے دعا کرائیں۔

جس پر انہوں نے ایوان میں دعا کرائی۔اجلاس کے دور ان چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بتایا کہ ترکی اور ایران کے سپیکرز نے بھی کورونا وباء سے متاثرہ پاکستانیوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکی اور ایران کے سپیکرز نے انہیں ٹیلی فون کیا ہے اور پاکستان میں کورونا وباء سے اموات پر اور متاثرہ افراد سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔