مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر خواجہ محمد آصف نے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کے انتقال پراظہار تعزیت

جمعہ 5 جون 2020 17:02

مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر خواجہ محمد آصف نے رکن قومی اسمبلی منیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر خواجہ محمد آصف نے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کے انتقال پر دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک صلح جو شخصیت کے مالک تھے، الله تعالیٰ ہمیں ان کی تقلید کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ ایوان کی کارروائی پرانی روایات کے مطابق چلائی جائے تو بدمزگی پیدا نہیں ہوگی۔

جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں منیر خان اورکزئی کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ منیر خان اورکزئی منجھے ہوئے پارلیمنٹیرین تھے، میرا ان کے ساتھ ذاتی اور قریبی تعلق تھا، فاٹا کے انضمام کے حوالے سے انہوں نے بڑا متحرک کردار ادا کیا، وہ ایک صلح جو شخصیت کے مالک تھے، انہوں نے سابق فاٹا کے عوام کے حقوق کے لئے طویل عرصہ جدوجہد کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں اپنی طرف سے اور پوری پارلیمنٹ کی طرف سے منیر خان اورکزئی کے ایصال ثواب کے لئے دعا گو ہوں۔ الله تعالیٰ انہیں کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے اور جس اچھے اخلاق کی بنیاد انہوں نے رکھی، الله تعالیٰ ہم سب کو اس کی تقلید کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف نے آپ کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے پانچ ایشوز اٹھائے ہیں جن میں طیارہ حادثہ، کورونا وائرس کی صورتحال، چینی آٹا اسکینڈل اور دیگر کے حوالے سے ایوان میں بحث کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ تحاریک کے متحرک چھ ارکان کو بحث کرنے کی اجازت دی جائے اور حکومت کی طرف سے صرف بحث سمیٹی جائے۔ یہی ایوان کی ماضی میں روایت رہی ہے۔ اگر ایک اپوزیشن اور دوسرا حکومت کی طرف سے بولے گا تو اس سے ماحول خراب ہوگا۔ ان امور پر محرکین کو بولنے کی اجازت دی جائے، اگر حکومت اپنے دیگر ارکان کو بھی بات کرنے کا موقع دینا چاہتی ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے تاہم حکومت کی طرف سے صرف بحث سمیٹی جائے۔ اس سے ایوان کا ماحول بہتر ہوگا۔ ایوان کی پرانی روایات کے مطابق ہی کارروائی کو چلایا جائے۔