حکومت کا تمام پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے ہسپتال کورونا مریضوں کیلئے کھلوانے کا فیصلہ

ہر پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالج کم سے کم 150 بیڈ کورونا کے مریضوں کیلئے مختص کرے گا: یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 11 جون 2020 23:20

حکومت کا تمام پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے ہسپتال کورونا مریضوں ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11جون 2020ء) : حکومت کا تمام پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے ہسپتال کورونا مریضوں کیلئے کھلوانے کا فیصلہ، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے ہسپتالوں کو کورونا مریضوں کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، ہر پرائیویٹ میڈیکل کالج کم سے کم 150 بیڈ کورونا کے مریضوں کیلئے مختص کرے گا۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی سنڈیکیٹ کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم کی سربراہی میں ہوا، اجلاس میں پروفیسر خواجہ صادق حسین، پروفیسر ساجد مقبول، پروفیسر عبدالناصر شاہ، ڈاکٹر ثاقب محمود نے شرکت کی جبکہ پروفیسر حمیرا اکرم اور پروفیسر وحید الحمید ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس میں الحاق شدہ تمام 45 پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے ہسپتالوں کو کورونا کے مریضوں کے علاج کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سنڈیکیٹ نے فیصلہ کیا کہ ہر پرائیویٹ میڈیکل کالج کم سے کم 150 بیڈ کورونا کے مریضوں کیلئے مختص کرے گا، یہ بیڈ 48 گھنٹے کے اندر اندر مختص کیے جائیں گے۔سنڈیکیٹ نے اس حوالے سے اقدامات کیلئے وی سی یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم کو فری ہینڈ دے دیا ہے۔ پروفیسر جاوید اکرم نے بتایاکہ یو ایچ ایس کیساتھ 45 پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالج الحاق شدہ ہیں، ان حالات میں ان کالجز کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، ارکان کی توجہ اس امر کی جانب بھی کروائی گئی کہ قانونی طور پر بھی یہ ہسپتال 50 فیصد فری بیڈ عوام کیلئے مختص کرنے کے پابند ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور آج آنے والے نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار 493 جبکہ اموات 2 ہزار 409 ہوگئیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں آج ابھی تک 6 ہزار 321 کیسز اور 92 اموات کا اضافہ ہوا۔گزشتہ روز ملک میں ایک روز کے اب تک کے ریکارڈ 6 ہزار 343 نئے کیسز اور 101 اموات کا اضافہ ہوا، ملک میں یہ مسلسل دوسرا روز تھا جب اموات کی تعداد میں 100 سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا۔