Live Updates

انسداددہشت گری عدالت:سابق وزیراعظم عمران خان کی 9مئی کے تین مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع

عدالت نے سابق وزیراعظم کے وکیل سلمان صفدر کو دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کو یقینی بنانے کا حکم بھی دے دیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 17 مئی 2024 15:03

انسداددہشت گری عدالت:سابق وزیراعظم عمران خان کی 9مئی کے تین مقدمات ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17مئی۔2024 ) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو کورکمانڈرہاﺅس ، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان ٹاﺅن کو جلانے کے 3 مقدمات میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی عبوری ضمانت میں 24 مئی تک توسیع کردی ہے انسداد دہشت گردی عدالت میں عمران خان کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی.

عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے وکیل سلمان صفدر کو دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کو یقینی بنانے کا حکم بھی دے دیا.

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 10 مئی کو لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاﺅ گھیراﺅ کے 3 مقدمات میں سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر آئندہ سماعت میں ویڈیو لنک کے ذریعے ان کی حاضری یقینی بنانے کے لیے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی تھی.

گزشتہ سماعت پر لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی سماعت پر وکلا کو دلائل کے لیے طلب کرلیا تھا خیال رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے.

دوسری جانب اسی کیس میں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے شیر پاﺅ پل پر اشتعال انگیز تقریر اور جلاﺅ گھیراﺅ کے مقدمہ میں پاکستان تحریک انصاف کی راہنما ڈاکٹر یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ کی ضمانتیں منظور کرلی ہیں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا تھانہ سرور روڑ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کررکھا ہے. واضح رہے کہ یکم مارچ 2024 کو انسداددہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی کو گلبرگ میں جلاﺅ گھیراﺅ کے مقدمے میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت منظور کی تھی عدالت نے یاسمین راشد کو 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا تھا.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات