ٹڈی دل کے خلاف آپریشن، 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ 12 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے، 6 ہزار 800 ہیکٹر رقبہ پر ادویات کا سپرے کیا گیا، ترجمان این ڈی ایم اے

پیر 15 جون 2020 13:11

ٹڈی دل کے خلاف آپریشن، 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ 12 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2020ء) ملک بھر میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن کے تحت گذشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ12 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے ہوا جبکہ 6 ہزار 800 ہیکٹر رقبہ پر ٹڈی دل کو تلف کرنے والی ادویات کا سپرے کیا گیا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق اس وقت ملک کے 40 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے۔ بلوچسستان کے 29، خیبر پختونخوا کے 8 اور سندھ کے 3 اضلاع ٹڈی دل سے متاثر ہیں۔

بلوچسستان میں خضدار، آواران، نوشکی، چاغی، گوادر، اتھل، کیچ، پنجگور، خاران، وشک اور کوئٹہ کے علاوہ دیگر اضلاع بھی متاثر ہیں۔ کے پی میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، کرم، اورکزئی اور خیبر ، سندھ میں شہید بے نظیر آباد، مٹیاری اور جامشورو میں ٹڈی دل سے متاثر ہوئے جبکہ گذشتہ روز پنجاب کے کسی ضلع سے ٹڈی دل رپورٹ نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق ٹڈی دل کے متاثرہ علاقوں کا سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے۔ کل 1288 مشرکہ ٹیموں نے لوکسٹ کنڑول آپریشن میں حصہ لیا۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ12 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے ہوا جبکہ 6 ہزار 800 ہیکٹر رقبہ پر ٹڈی دل کو تلف کرنے والی ادویات کا سپرے کیا گیا۔ بلوچسستان میں 5 ہزار 300 ہیکٹر رقبہ پر سپرے کیا گیا۔ خیبر پختونخوا میں 1000 ہیکٹر رقبہ کی ٹریٹمنٹ ہوئی۔ سندھ میں گذشتہ روز 500 ہیکٹر رقبہ ٹریٹمنٹ کیا گیا۔ اب تک پورے ملک میں 6 لاکھ 23 ہزار ہیکٹر رقبہ پر سپرے کیا جا چکا ہے۔