کورونا وائرس کا پھیلاو، اسلام آبادکے سب سیکٹرز جی سکس ون، جی سکس ٹو، جی ٹین فور اور جی سیون ٹو کو سیل کرنے کا فیصلہ

منگل 23 جون 2020 12:55

کورونا وائرس کا پھیلاو، اسلام آبادکے سب سیکٹرز جی سکس ون، جی سکس ٹو، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2020ء) اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے 4 سب سیکٹرز کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکٹر جی سکس ون، جی سکس ٹو، جی ٹین فور اور جی سیون ٹو کو24 جون (آج) بدھ کی شام سات بجے سیل کر دیا جائے گا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے پیر کی رات کو نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

جبکہ غوری ٹاون سیل کرنے کا نوٹیفیکیشن آج ہی جاری کر دیا جائے گا۔ اسلام آباد میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کیسز کے باعث انتظامیہ نے ان سیکٹرز کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکٹر سیکٹر جی سکس ون، جی سکس ٹو ، جی ٹین فوراور سیکٹر جی سیون ٹو اسلام آباد کے رہائشیوں کو گزشتہ روز24 گھنٹوں کا وقت دیا گیا ہے جو اپنی اشیائے ضروریہ پوری کر لیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے مذکورہ سیکٹر ز کو سیل کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ سیکٹرز کے رہائشیوں کو فارمیسی، میڈیکل سٹورز، گروسری سٹورز، بیکریز اور ہسپتال جانے والے افراد کو ایس او پیز کے تحت استثنیٰ دیا جائے گا۔ مذکورہ سیکٹرز کو سیل کرنے کے لئے پاک فوج، رینجرز اور اسلام آباد پولیس کی خدمات لی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کو سیل علاقوں میں فوڈ سپلائی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔