امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار سے تجاوز کرگئی، 26 لاکھ 81 ہزار سے زیادہ افراد متاثر

منگل 30 جون 2020 10:25

واشنگٹن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2020ء) امریکہ میں مہلک کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ منگل کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ میں اب تک 26 لاکھ 81 ہزار سے زیادہ افراد کورونا میں مبتلا ہوچکے ہیں، ملک میں اس وقت کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 14لاکھ سے زائد ہے۔ دریں اثناء حکام کا کہنا ہے کہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کی جیلوں میں2600 سے زائد قیدی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسوم نے صحافیوںکو بتایا کہ ان میں سے ایک ہزار سے زائد قیدی سین کوئنٹن کی جیلوں میں متاثر پائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیلیفورنیا میں مجموعی طور پر 2589 قیدیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ امریکہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ 2681811 کورونا متاثرین کے ساتھ سرفہرست ملک ہے۔ امریکہ میں مہلک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا ہے، ملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 1435851ہے جبکہ ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 128783ہوگئی ہے۔