یورپی یونین کورونا وائرس سے محفوظ 14 ممالک کے شہریوں کو (آج) سے داخلے کی اجازت دے گی

منگل 30 جون 2020 10:25

برسلز۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2020ء) یورپی یونین کورونا وائرس سے بہت حد تک محفوظ 14ممالک کے شہریوں کو (آج) بدھ سے رکن ممالک میں داخلے کی اجازت دے گی۔ منگل کو برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یورپی یونین نے ان ممالک کی فہرست جاری کردی ہے جن کے شہریوں کو یکم جولائی سے یورپی یونین کے ممالک میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ ان ممالک میں آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان، مراکش اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔

امریکہ، برازیل اور چین کو فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ یورپی یونین نے کہا ہے کہ وہ چین کو فہرست میں شامل کرنے کے لیے تیار ہے تاہم اس کے لئے چینی حکومت کو یورپی مسافروں کے لیے بھی بدلے میں ایسی اجازت دینا ہوگی۔ یورپی یونین کے شہریوں کے لیے یونین کے اندر سرحدی کنٹرول ختم کردیئے گئے ہیں جبکہ برطانوی مسافروں کے لیے قواعد بریگزٹ مذاکرات میں الگ سے درج ہیں۔

(جاری ہے)

برطانوی شہریوں کو بریگزٹ مرحلے کے اختتام اس سال31 دسمبر کے خاتمے تک یورپی یونین کے شہریوں کی ہی طرح تصور کیا جائے گا۔ اس دوران برطانیہ کے شہری اور ان کے خاندان کے افراد عارضی سفری پابندیوں سے مستثنیٰ ہیں۔ اس فہرست میں ترمیم کا امکان اب بھی موجود ہے۔ فہرست میں الجزائر، آسٹریلیا، کینیڈا، جارجیا، جاپان، مونٹینیگرو، مراکش، نیوزی لینڈ، روانڈا، سربیا، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ، تیونس اور یوروگوائے شامل ہیں۔