حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ،ایڈیشنل آئی جی کاتقرر کر کے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ‘ نعمان لنگڑیال

وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ جنوبی پنجاب کی عوام سے سابقہ حکمرانوں کے کئی دہائیوں سے روا رکھے گئے ناروا سلوک اورمحرومیوں کا ازالہ کر رہے ہیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری زاہد زمان ، ایڈیشنل آئی جی انعام غنی کا شمار انتہائی محنتی او رایماندار افسران میں ہوتا ہے ‘ وزیر زراعت پنجاب

بدھ 1 جولائی 2020 17:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2020ء) صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کے افسران کے باقاعدہ تقرر پر جنوبی پنجاب کی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے عام انتخابات کے موقع پر کیا گیا ایک اور بڑا وعدہ پورا کر دیا ہے ،وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سردار عثما ن بزدار جنوبی پنجاب کی عوام کے ساتھ سابقہ حکمرانوں کے کئی دہائیوں سے روا رکھے جانے والے ناروا سلوک اور ان کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کیلئے عملی پیشرفت کر رہے ہیں ۔

اپنے بیان میں وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے جنوبی پنجاب کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی کے عہدے کے افسران کے تقرر سے جنوبی پنجاب کی عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہاں کے عوام جھولیاں اٹھا اٹھا کر حکومت کو دعائیں دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے تعینات ہونے والے ایڈیشنل چیف سیکرٹری زاہد زمان اور ایڈیشنل آئی جی انعام غنی کا شمار انتہائی محنتی او رایماندار افسران میں ہوتا ہے اور ان کی تعیناتی سے جنوبی پنجاب کی عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے اور انہیں اپنے مسائل کے حل کے لئے کئی سو کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے لاہور نہیں آنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے اب وسطی اور اپر پنجاب کے سیاستدانوں کو تخت لاہور کا طعنہ بھی نہیں ملے گا اور صوبے کی عوام میں اتحاد اور یگانگت پیدا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ایک ارب 50کروڑ روپے کے فنڈز مختص کرنا ثابت کرتا ہے کہ حکومت جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے پر عزم ہے اور سابقہ حکمرانوں کی طرح دعوئوں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار یہ ہوا ہے کہ اب جنوبی پنجاب کیلئے مختص بجٹ کہیں اور خرچ نہیں ہو سکے گا۔