اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی جانب سے فلاحی اداروں کے لیے 19.7 ملین روپے کا عطیہ

بدھ 1 جولائی 2020 19:54

اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی جانب سے فلاحی اداروں کے لیے 19.7 ملین روپے کا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2020ء) اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک نے کووڈ19- (COVID-19)اعانتی فنڈ کے بارے میں آج مزید تفصیلات جاری کی ہیں کہ بینک کس طرح وباء سے متاثر ہ کمیونٹیز کو قلیل مدتی ریلیف فراہم کررہاہے۔اِن تفصیلات کے مطابق بینک ضرورت مند کمیونٹیز کی اعانت کے لیے 19.7 ملین روپے فراہم کر رہا ہے جس سے ماڈیولر ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس ( Modular HDUs) خریدے جائیں گے، مفت ٹیسٹ کیے جائیں گے اور کم مراعات یافتہ کمیونٹیز کو خوراک کی فراہمی کے علاوہ ڈاکٹروں اور نرسوں کو پرسنل پروٹیکٹو ایکوپمنٹ (PPEs) بھی فراہم کیے جائیں گے۔

یہ ریلیف بینک کی جانب سے ریڈ کراس اور یونیسیف کے پروگراموں کے لیے اعلان کیے گئے ایک ارب امریکی ڈالرز کے وعدے کے علاوہ ہے جس کے ذریعے کووڈ19-کی وباء سے متاثرہ کمیونیٹیز کو ہنگامی ریلیف فراہم کیا جا رہاہے۔

(جاری ہے)

بینک نے انڈس ہسپتال کو بھی ماڈیولر ایچ ڈی یونٹس کی خریداری اور قیام کے لیے 10.2 ملین روپے کا عطیہ دیا ہے۔اس وقت تمام اسپتال اپنی پوری گنجائش کے مطابق کام کر رہے ہیں جس کی وجہ سے اسپتالوں کی جانب سے نئے مریضوں کو داخلہ نہ دینے کی شرح میں اضافہ ہو گیا ہے جس کی وجہ اس متعدی بیماری میں اضافہ ہے جو مریضوں کی تعدا د میں بھی کئی گنا اضافے کا سبب بنا ہے۔

ان اسپتالوں کی گنجائش میں اضافے کے لیے ان HDU یونٹوں میں24 نیگیٹو پریشر ایئر کنڈیشنرز ماڈیولز بھی ہوں گے۔ خود بینک چھ HDUs فراہم کر رہا ہے جن میں جنریٹرز، میڈیکل گریڈ بیڈز، ایک نیگیٹو پریشر ریجم، ہوا کی مستقل گردش کا نظام، آکسیجن سپلائی مینی فولڈز، الیکٹریسٹی،ڈاکٹروں کے لییی اینٹی-روم اور ریسٹ روم یونٹس شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ بینک 500 افراد کی مفت کووڈ 19- ٹیسٹنگ کے لیے 3ملین روپے کی اعانت بھی فراہم کرے گا۔

مزید برآں، بینک نے اورینج ٹری فاؤنڈیشن(Orange Tree Foundation) کو بھی 4.3ملین روپے کا عطیہ دیا ہے جو کم مراعات یافتہ علاقوں میں 850 راشن بیگز کی تقسیم کے لیے استعمال ہوں گے۔ یہ راشن بیگز بینک کے کمیونٹی پروگرامز GOAL اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کراچی یونائٹیڈ کمیونٹی فٹ بال لیگ کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے۔ پچاس راشن بیگز GOAL کے کوچز کے درمیان تقسیم کیے جائیں گے جبکہ مزید 800 راشن بیگز کراچی یونائٹیڈ فٹبال کلب کے کوچز کو دئیے جائیں گے۔

بینک نے پیشنٹس ایڈ فاؤنڈیشن (Patients Aid Foundation) کو بھی 2.2ملین روپے کا عطیہ دیا ہے جس سے 4,500 پرسنل پروٹیکٹو ایکوپمنٹس (PPEs) خریدے جائیں گے۔یہ PPEs جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملہ استعمال کرے گا۔اس عطیے کے بارے میں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، شہزاد دادا نے کہا:’’اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کو فخر ہے کہ وہ ان اداروں کی مدد کرنے کے قابل ہوا تاکہ اپنی کمیونٹی کے انتہائی غیر محفوظ لوگوں تک پہنچا جا سکے۔ ان اداروں کے ساتھ کام کرتے ہوئے، ہم فوری اور مؤثرہنگامی ریلیف پہنچانے کے قابل ہوئے ہیں جس کا مقصد کووڈ19- کی وباء سے پیدا ہونے والے اہم چیلنجوں سے نمنٹا تھا۔‘‘