زیارت مینجمنٹ کمیٹیوں کوممنوعہ جماعتوں اور مافیازسے پاک رکھنا ہوگا ورنہ کسی پالیسی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا،آغا سیدحامد علی شاہ موسوی

جمعرات 2 جولائی 2020 22:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جولائی2020ء) سپریم شیعہ علما بورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے زیارت پالیسی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیارت مینجمنٹ کمیٹیوں کوممنوعہ جماعتوں اور مافیازسے پاک رکھنا ہوگا ورنہ کسی پالیسی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا،غریب زائرین کیلئے کڑی شرائط کو تبدیل کیا جائے ،نظریاتی کونسل آئینی ادارہ جبکہ رویت ہلال کمیٹی و متحدہ علما بورڈغیر آئینی ادارے ہیں جن کے اراکین کا انتخاب کرتے ہوئے ہر دور میں کالعدم جماعتوں کو ہی نوازا جاتا رہا جو ملک و قوم کے ساتھ مذاق ہے ،حکومت پاراچنار میں بالش خیل و پاڑہ چمکنی قبائل کے مابین زمینوں کے تنازعے پر ہونے والی لڑائی کو روکے بعض اندرونی بیرونی قوتیں فرقہ وارانہ آگ بھڑکا کر اپنے سرپرستوں کے مفادات پورے کرنا چاہتی ہیں وطن عزیز میں کوئی شیعہ سنی لڑائی نہیں ، باکوآذربائیجان میں مسجدفاطمہ زہرا کے انہدام سے شیعہ سنی مسلمانوں کے دل چھلنی کردیئے گئے مسلم ممالک ناصبیت و خارجیت کے خاتمہ کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے مرکزی عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ پاکستان سے ایران عراق شام جانے والے زائرین دہشت گردی کے ساتھ ساتھ مافیاز گردی اور حکومتی بے توجہی کا بھی شکار رہے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی کئی دہائیوں کی جدوجہد کے بعد حکومت زائرین مینیجمنٹ پالیسی سامنے لائی ہے جو اسی وقت موثر ثابت ہوگی جب زائرین کو مافیاز سے نجات ملے گی جب عملی اقدامات سامنے آئیں گے تبھی زائرین کو ریلیف ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ قبور کی زیارت مستحب ہے تمام مکاتب کے نزدیک اہل قبر کو السلام علی اھل القبور کہہ کر سلام بھیجنا شرعی حکم ہے اسی سبب اسلام کے محسنوں اہلبیت اطہار پاکیزہ صحابہ کباراور اولیائے کرام کے مراقد کی زیارت ہر زمانے میں مسلمانان عالم کا وطیرہ رہا ہے، حج و عمرے کی طرح زائرین مقامات مقدسہ کیلئے احسن اقدامات سے حکومت کی نیک نامی میں اضافہ ہوگا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ قبائل کے مابین صدیوں سے معمولی تنازعات رہے ہیں لیکن گذشتہ چالیس سال میں پارا چنار کی سرزمین پر غیر ملکی مداخلت کے سبب جس قدر بے گناہوں کا خون بہایا گیا اس کی مثال نہیں ملتی لہذا حکومت فوری طور پر بالش خیل اور پاڑہ چمکنی قبائل کی لڑائی رکوائے سرحدی علاقے میں بدامنی کے پیچھے ہندوستان اور افغانستان کی ایجنسیاں ملوث ہیں ، بھارت چین کے ہاتھوں اپنی خفت کو مٹانے اور کشمیریوں پر سے مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کو میدان جنگ بنانا چاہتا ہے جسے حکومت اور عوام کو مل کر ناکام بنانا ہوگا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ شعائر اللہ کی تعظیم قلوب کے تقوی کی ضمانت ہے عالم اسلام کا چودہ سو سالہ المیہ ہے کہ خارجی و ناصبی اہلبیت اطہار کا نام سننا بھی گوارا نہیں کرتے جبکہ اہلسنت و اہل تشیع ہی نہیں غیرمذاہب بھی خانوادہ رسالت ؓ کی عظیم ہستیوں کے عزت واحترام کو ترجیح دیتے چلے آئے ہیں ۔قائدملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے مطالبہ کیا کہ آزر بائیجان کی مسجد فاطمہ زہرا اور جنت البقیع و جنت المعلی سمیت دنیا بھر کے مسلم ممالک میں مسمار ہونے والے مقامات مقدسہ کی عظمت رفتہ بحال کی جائے تاکہ القدس سے لیکر بابری مسجد تک غیر مسلموں کے ہاتھوں تباہی سے دوچار اسلامی ورثے کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو تقویت مل سکے ۔