پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس، خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کیخلاف ایک گواہ کا بیان قلمبند ،مزید سماعت 8 جولائی تک ملتوی

جمعرات 2 جولائی 2020 23:46

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2020ء) لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنمائوں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کیخلاف پیراگون ہاو سنگ سوسائٹی ریفرنس میںنیب کی طرف سے ایک گواہ نذیر پٹواری کا بیان قلمبند کرانے اور اس کے بیان پر جرح کے بعدکیس کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مزیدگواہوں کوطلب کرلیا۔

احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے پیراگون ہاو سنگ سوسائٹی ریفرنس کی سماعت کی۔جمعرات کے روز عدالت میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق نے پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی اور گواہ نذیرپٹواری کے بیان کے دوران عدالت میں موجود رہے۔جبکہ عدالت میں وعدہ معاف گواہ بننے والے قیصر امین بٹ بیماری کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے قیصر امین بٹ کے علاوہ دیگر گواہوں کو طلب کرنے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے محکمہ مال کے گواہوں کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔

نیب کے استغاثہ کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنی اہلیہ، بھائی سلمان رفیق، ندیم ضیاء اور قیصر امین بٹ سے مل کر ایئر ایونیو سوسائٹی بنائی، جس کا نام بعد میں تبدیل کرکے پیراگون رکھ دیا گیا۔ نیب کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹی کی تشہیر کی اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور اربوں روپے کی رقم بٹوری۔

نیب کے مطابق ملزمان کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے۔یاد رہے کہ پیراگون اسکینڈل کیس میں نیب کی جانب سے خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق سمیت پانچ ملزمان کے خلاف اکتیس مئی دو ہزار انیس کو ریفرنس دائر کیا گیا جبکہ خواجہ برادرن کے خلاف پیراگون ریفرنس میں چار ستمبر کو فرد جرم عائد کی گئی تھی،نیب ریفرنس میں پیراگون سوسائٹی میں سادہ لوح شہریوں سے انسٹھ کروڑ کے فراڈ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس کیس میں سپریم کورٹ نے خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق کی ضمانتیں لی ہیں۔