کورونا کے علاج کی مفت سہولت جاری رہے گی، سعودی سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز الواصل

جمعہ 3 جولائی 2020 11:41

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2020ء) اقوام متحدہ میں متعین سعودی سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز الواصل نے کہا ہے کہ سعودی عرب آئندہ بھی مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں اور غیرقانونی مقیم تارکین کو نئے کورونا وائرس ٹیسٹ، علاج اور نگہداشت کی سہولتیں فراہم کرتا رہے گا۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق جنیوا میں سعودی سفیر نے بتایا کہ سعودی عرب جی 20 کی صدارت کرتے ہوئے کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے عالمی اتحاد کی قیادت کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب بین الاقوامی معیشت، تجارت اور انسانی صحت پر وبا کے اثرات محدود سے محدود تر کرنے کے لیے عالمی یکجہتی کی پالیسی پر گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے 500 ملین ڈالر کی رقم کی فراہمی کا اعلان کیے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہر انسان کو کسی امتیاز کے بغیر جسمانی و ذہنی صحت سے استفادے کا حق ہے۔

ڈاکٹر عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ سعودی عرب وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے ہوئے ہے۔ وہ اپنے یہاں تمام شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور غیرقانونی طریقے سے رہنے والے تارکین کو بھی مفت صحت سہولتیں مہیا کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مملکت نے وبا سے شدید متاثرہ نجی اداروں کے ملازمین کی ساٹھ فیصد تنخواہ سرکاری خزانے سے ادا کی ہے جبکہ وبا کے پیش نظر بہت سے قیدیوں کو رہا کر دیا گیا اور کئی عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد معطل کر دیا گیا۔