سعودی عرب بھی پاکستان سے پیچھے نہ رہا

شہزادہ سلطا ن مرکز برائے دفاعی علوم میں مقامی سطح پر وینٹی لیٹر تیار کرنے کا تجربہ کامیاب ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 3 جولائی 2020 11:36

سعودی عرب بھی پاکستان سے پیچھے نہ رہا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3 جولائی 2020ء) سعودی عرب کی جانب سے جہاں کورونا کی حلال ویکسین بنانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، وہاں کورونا کی حالیہ وبا کے دوران سعودی عرب نے بھی پاکستان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مقامی سطح پر وینٹی لیٹر تیار کر لیا ہے۔ العربیہ نیوز کے مطابق شہزادہ سلطان مرکز برائے دفاعی علوم وریسرچ نے کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے کی حکومت کی مساعی کے تحت "انجینئرنگ وینٹیلیٹرز مینوفیکچرنگ انیشی ایٹو" پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے سعودی کونسل آف انجینئرز کے دعوت پرمقامی سطح پر وینٹیلیٹر تیار کیا ہے۔

اس وینٹی لیٹر کا ڈیزائن اور اس کی تیاری کے تمام تکنیکی مراحل شہزادہ سلطان مرکز کی تجربہ گاہوں میں بنائے گئے۔ سعودی عرب میں مقامی سطح پر وینٹی لیٹر کی تیاری کا یہ پہلا اور اہم ترین قدم ہے۔

(جاری ہے)

سلطان ریسرچ سینٹر کی جانب سے تیار کردہ وینٹی لیٹر جانچ کے لیے مجاز حکام کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ اس کے بعد یہ ریسرچ سینٹر باقاعدہ وینٹی لیٹر مینوفیکچرنگ شروع کردے گا۔

سینٹر نے وینٹیلیٹر کے کام کے تجربات ، اور قومی فیکٹریوں کے ذریعہ آلے کی جانچ اور تیاری کے مرحلے کے سلسلے میں متعلقہ حکام سے رابطہ کیا ہے۔خیال رہے کہ شہزادہ سلطان مرکز ٹیکنالوجی سے متعلق کوالٹیٹو اسٹڈیز اور تحقیق کے انعقاد میں مہارت حاصل کرنے والا ایک سرکاری ادارہ ہے جسے ، پرنس سلطان سینٹر فار ڈیفنس اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کا نام دیا گیا ہے۔

اس کا مقصد دفاع ، سلامتی اور تزویراتی شعبوں سے متعلق کوالٹی اور تکنیکی تحقیق کے شعبوں کام کرتے ہوئے ریاست کے دفاع اور سلامتی کے شعبوں کو فروغ اور ترقی دینا ہے۔واضح رہے کہ سعودی کمپنی اگلے چند ماہ میں کورونا سے بچاؤ کا ٹیکا تیار کرلے گی۔سعودی ویکس نامی کمپنی ایک ایسا ٹیکا بنا رہی ہے جس کے استعمال سے کوئی بھی شخص اگلے چند ماہ کے لیے کورونا سے محفوظ ہو جائے گا۔

سعودی عرب کی ایک کمپنی امریکی ریاست پنسلوینیا میں واقع پیٹسبرگ یونیورسٹی کے سائنس دانوں کی شراکت سے کرونا وائرس سے بچاوٴ کی دوا تیار کررہی ہے اور یہ آیندہ سال کے آخر تک فروخت کے لیے دستیاب ہوگی۔یہ دوا ایک اینٹی باڈی انجیکشن (ٹیکا) ہے اور یہ نئے کرونا وائرس کو ناکارہ کرنے کا کام کرے گی۔یہ کووِڈ-19 سے مختصرالمیعاد بچاوٴ اور اس کے علاج کا کام کرے گی۔اس دوا پر کام کرنے والی سعودی عرب کی ملکیتی کمپنی سعودی ویکس کے شریک بانی ڈونلڈ جرسن کے مطابق جس شخص کو اس کا ایک ٹیکا لگایا جائے گا، وہ نئے کرونا وائرس سے چند ماہ تک محفوظ رہے گا۔