مکئی اور باجرہ کے مقامی ہائبرڈ بیج کی تیاری پر پیش رفت

جمعہ 3 جولائی 2020 15:35

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2020ء) مکئی اور باجرہ کے ہائبرڈ بیج کی تیاری کے حوالے سے صوبہ بھر میں کام کرنے والی پرائیویٹ سیڈ کمپنیوں کی آگاہی کے لئے ایک روزہ تربیتی پروگرام کااہتما م کیا گیا ۔ اس تربیتی پروگرام میں 30 سے زائد پرائیویٹ کمپنیوں کے نمائندوں نے حصہ لیا۔ جس میںاداہ ہذا کے سائنسدانوں نے ہائبرڈ بیج کی تیاری کے مختلف تکنیکی مراحل پر تربیت فراہم کی۔

ڈاکٹر عابد محمود ڈائریکٹر جنرل زراعت (ریسرچ) پنجاب نے پروگرام کے اختتامی سیشن میں خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو بتایا کہ ادارہ کے سائنسدان بہت محنت سے بیج کی تیاری کے تمام تکنیکی مرحلوں پر کام کرتے ہوئے ایسے بیج تیار کرتے ہیں جو نہ صرف بہتر پیداوار دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ جدید موسمی حالات سے مطابقت رکھنے کے حامل ہوتے ہیںتاکہ بدلتے ہوئے موسمی اثرات کے تقاضوں پر بھی پورا اترا جاسکے۔

(جاری ہے)

شعبہ تحقیق برائے مکئی اور باجرہ نے حال ہی میں ساہیوال گولڈ، گوہر- 19، ایف ایچ1898-، ایف ایچ 1046-، وائے ایچ5482- کے نام سے بیج تیار کئے ہیں اور نیلامی کے لیے بالکل تیار ہیں۔ اب پرائیویٹ کمپنیوں کے پاس بہتر موقع ہے کہ وہ مقامی بیج خرید کر اپنے کاروبار کو ترویج دیں اور ملکی زرعی ترقی میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اکثر زرعی اجناس کا بیج باہر سے منگوایا جاتا ہے جس کی بدولت مقامی بیج کو پذیرائی نہیں ملتی اور زرعی سائنسدانوں کی کاوشیں بے سود رہتی ہیں مگر ہم نے حکومت کے ساتھ مل کر اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے سیڈ ایکٹ منظور کرایا ہے جس کے تحت ادارہ ہذا کا تیار شدہ بیج پرائیویٹ کمپنیوں کو نیلام کیا جائے گا تاکہ پرائیویٹ سیکٹر مقامی بیج کی بڑھوتری کے بعد کسانوں کو فروخت کرے جس سے مقامی بیج کو فروغ ملے گا درآمدی بل میں کمی آئے گی اور ملکی خزانہ پر بوجھ کم ہو گا۔

کسان زیادہ پیداوار حاصل کرے گا جس سے اس کا میعار زندگی بلند ہوگا۔ tca