دستور پاکستان کے مطابق ہر پاکستانی شہری کو بہترین دنیاوی اور دینی تعلیم فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ،اسحاق منصوری

جمعہ 3 جولائی 2020 18:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2020ء) جماعت اسلامی سندھ شعبہ تعلیم کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسحاق منصوری نے شعبہ تعلیم کے صوبائی ذمہ داران سے وڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں جب کورونا وائرس کی صورت میں تعلیمی اداروں کے کھولنے پر صوبائی اور وفاقی حکومت نے پابندی لگا رکھی ہے طلبہ و طالبات سے فیس کی وصولی نہ ہو نے کے برابر ہے اس صورت میں پرائیویٹ سکولوں کی خواتین اور مرد اساتذہ تنخواہ نہ ملنے کے سبب فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے ہیں حکومت اس مدمیں فوری طور پر گرانٹ جاری کرے تاکہ معلمین اور معلمات کو فوری طور پر تنخواہ ادا کرکے فاقہ کشی اور خودکشی سے بچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دستور پاکستان کے مطابق ہر پاکستانی شہری کو بہترین دنیاوی اور دینی تعلیم فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے حکومت کا ہاتھ بٹایا ہے اس لئے ان اداروں کو طلبہ و طالبات کی تعداد کے مطابق اسکول کے قیام کے لئے انتہائی ارزاں قیمت پر پلاٹ الاٹ کئے جائیں جہاں بچوں کے کھیل اور ورزش کا بھی بندوبست ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے چھوٹے بچوں کو بھاری بھرکم کتب اور بستوں سے نجات دلانے کی ضرورت ہے۔