ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کا میونسپل کمیٹیز کی طرف سے انسداد ڈینگی مہم میں سرویلنس کے نتائج پر عدم اطمینان کا اظہار

ہفتہ 4 جولائی 2020 19:45

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2020ء) ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ضلع کی بعض تحصیلوں میں میونسپل کمیٹیز کی طرف سے انسداد ڈینگی مہم میں سرویلنس کے نتائج پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ دوران چیکنگ اگر ان تحصیلوں سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا تو متعلقین کے خلاف غفلت اور لاپرواہی کی رپورٹس سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بھجوائی جائے گی۔

انہوں نے یہ حکم ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیا جس میں ڈینگی لاروا کے خلاف انسدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے سرویلنس سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے تحصیل سمندری،تاندلیانوالہ اور جڑانوالہ میں میونسپل کمیٹیز کی طرف سے گذشتہ ماہ میں دوران چیکنگ ایک بھی ڈینگی لاروا رپورٹ نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ انسداد ڈینگی مہم میں ایسی عدم توجہی قابل قبول نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹیز کے اجلاسز باقاعدگی سے منعقد کرنے اور ڈینگی لاروا کا موجب بننے والوں کی دکانوں کوسیل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی سرویلنس کی رپورٹس میں محض کاغذی کارروائی نہیں چلے گی اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والوں کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔ڈپٹی کمشنر نے بعض محکموں کی طرف سے انسداد ڈینگی مہم میں موبائل اینڈرائڈ فونز سے کارکردگی رپورٹس اپ لوڈنگ میں سست روی پر سرزنش کی اورانہیں سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ مون سون موسم میں ڈینگی کی افزائش کے خطرات موجود ہیں لہذا تمام محکموں کے ڈینگی سرویلنس پر مامور افسران وسٹاف فیلڈ میں آنکھیں کھلی رکھیں اور کوئی مشتبہ مقام یا جگہ نظروں سے اوجھل نہیں ہونی چاہیے۔

اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹرنے بتایا کہ رواں سال اب تک 758 جگہوں سے ڈینگی لاروا ملا جس کی کیمیکل ٹریٹمنٹ کردی گئی۔انہوں نے ان ڈور اور آئوٹ ڈور سرویلنس سرگرمیوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنرز سید ایوب بخاری،عمر مقبول،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،ڈی ایچ او ڈاکٹر بلال احمد اور مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :