وزیر اطلاعات کی برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کی ملاقات ،دو طرفہ تعلقات، کاویڈ 19 صورتحال اور میڈیا کے شعبہ میں تعاون پر گفتگو

کرونا عالمی وباء ہے، اسے شکست دینے کیلئے مل کر کاوشیں کرنا ہوں گی،معاشی مشکلات سے بچانے کی متوازن حکمت عملی پر کاربند ہیں ، سینیٹر شبلی فراز

پیر 6 جولائی 2020 12:58

وزیر اطلاعات کی برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کی ملاقات ،دو طرفہ تعلقات، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2020ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، کاویڈ 19 صورتحال اور میڈیا کے شعبہ میں تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی ۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف علاقائی و بین الاقوامی معاملات پر ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔انہوںنے کہاکہ برطانیہ میں کروناء وبا کے باعث اموات پر دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ آزمائش کی اس گھڑی میں برطانیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ کرونا وباء کا عزم و ہمت کے ساتھ مقابلہ کرنے کی برطانوی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر شبلی فرازنے کہاکہ کرونا عالمی وباء ہے، اسے شکست دینے کیلئے مل کر کاوشیں کرنا ہوں گی۔انہوںنے کہاکہ پاکستان میں ہم پہلے دن سے سے عوام کو کرونا سے محفوظ رکھنے اور معاشی مشکلات سے بچانے کی متوازن حکمت عملی پر کاربند ہیں۔ سینیٹر شبلی فرازنے کہاکہ ملک میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کارگر ثابت ہورہی ہے۔سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ کرونا نے دنیا بھر کی معیشتوں کو متاثر کیا۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کیلئے قرضوں میں ریلیف کیلئے خصوصی کاوشوں کا آغاز کیا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ خوشی ہے کہ جی 20 ممالک قرضوں میں ریلیف کی فراہمی کیلئے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔وزیراطلاعات نے کہاکہ این سی او سی کرونا کے خلاف قومی کاوشوں کو مربوط بنانے کا مرکز ہے۔