امریکہ میں جشن آزادی کی تقریبات، ایک اور مسئلے نے سر اٹھا لیا

پیر 6 جولائی 2020 20:05

امریکہ میں جشن آزادی کی تقریبات، ایک اور مسئلے نے سر اٹھا لیا
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جولائی2020ء) امریکہ میں جشن آزادی کی تقریبات کے بعد کرونا وائرس کے کیسز میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق جشن آزادی کی تقریبات کے بعد ملک میں وبا کی صورت حال مزید خراب ہو گئی ہے، صرف ریاست فلوریڈا میں 10 ہزار کرونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ایریزونا، ٹیکساس، جنوبی کیرولینا سمیت متعدد امریکی ریاستوں میں کو وِڈ نائنٹین کے کیسز میں اضافہ ہو گیا ہے، ایریزونا کے گورنر نے وفاق سے 500 ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف کی مدد بھی طلب کرلی، ان کا کہنا تھا کہ ریاست میں صرف 156 مزید مریضوں کو آئی سی یو میں رکھنے کی گنجائش رہ گئی ہے۔

جشن آزادی کی تقریبات میں امریکیوں نے احتیاطی تدابیر کو ہوا میں اڑا دیا ، جس کے باعث 34 ریاستوں میں کرونا کیسز کے پریشان کن اعداد و شمار سامنے آئے ہیں، امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں روزانہ کی بنیاد پر 45 ہزار سے زائد کرونا کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکہ میں کرونا کیسز کی تعداد 30 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے، جب کہ وائرس سے اب تک 1 لاکھ 32 ہزار 569 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔کرونا وائرس سے امریکہ سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثر 12 لاکھ 89 ہزار سے زائد مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی 16 ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکہ میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 32,248 ہلاکتیں ہوئیں اور 4 لاکھ 22 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔