پنجاب حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کا آغاز کردیا

ذخیرہ کی گئی دس کروڑ مالیت کی 16 ہزار ٹن سے زائد چینی برآمد کرلی گئی‘716ٹن گندم اور2ہزار ٹن چاول برآمد

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 6 جولائی 2020 20:36

پنجاب حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کا آغاز کردیا
لاہور/اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 جولائی ۔2020ء) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کا آغاز کردیا ہے‘کریک ڈاﺅن کے دوران ذخیرہ کی گئی 16 ہزار ٹن سے زائد چینی برآمد کرلی گئی جس کی مالیت تقریباً ایک ارب 10 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے. کارروائی کے دوران ذخیرہ اندوزوں سے تقریباً 716 ٹن گندم اور 2 ہزار ٹن چاول بھی برآمد کیے گئے ہیں وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ برآمد کی گئی چینی، گندم اور چاول کو حکومتی نرخوں پر مارکیٹ میں بیچا جائے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ٹائیگر فورس نے خصوصی طور پر اطلاعات فراہم کی تھیں.

(جاری ہے)

کریک ڈاﺅن کے دوران 10 ہزار کلو مضر صحت گوشت اور 8 لاکھ لیٹر دودھ بھی برآمد کر کے تلف کیا گیا ہے وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو آٹے کی قیمتوں میں استحکام لانے کی بھی ہدایت کی ہے وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 150 روپے کمی کی جائے اور اسے پرانی قیمت پر بحال کیا جائے. ادھر پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن اور محکمہ خوراک پنجاب کے درمیان گندم کے اجرا اور قیمتوں کے حوالے سے معاملات طے پاگئے ہیںجن کے تحت اوپن مارکیٹ میں 20 کلوآٹے کا تھیلا860 روپے میں فروخت ہو گا اورشہری آبادی کے علاوہ دیہی آبادی کو بھی ان کی ضروریات کے مطابق کوٹہ دیا جائے گا.

حکومتی ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کے فلورملزایسوسی ایشن سے مذکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور فریقین کے درمیان طے پایا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں 20 کلوگرام آٹے کا تھیلا 860 روپے میں فروخت ہو گا جبکہ ایکس مل قیمت 837روپے ہوگی. اس سے قبل حکومت نے آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 850 مقرر کی تھی جس پر فلور ملز نے تحفظات کا اظہار کیا تھا‘فلور ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سیکرٹری خوراک سے ملاقات میں گندم سے آٹا نکالنے کے تناسب کا مسلہ بھی حل ہو گیا ہے جیسے ہی سرکاری گندم کا کوٹہ فلور ملز کو ملنا شروع ہوگا آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 860 روپے ہو جائے گی.

خیال رہے کہ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کے20 کلو تھیلے کی قیمت میں 120 روپے کا اضافہ کر دیا تھا لاہور قصور شیخوپورہ فیصل آباد اوکاڑہ ساہیوال اور سنٹرل پنجاب کے مختلف شہروں میں 20 کلوگرام تھیلے کی قیمتوں میں 120روپے بڑھائے گئے تھے. اوپن مارکیٹ میں گندم مہنگی ہونے کے سبب 20 کلوگرام کے تھیلے کی نئی قیمت ایکس مل نرخ 900 روپے اور ریٹیل قیمت 925 روپے ہو گئی تھی‘جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں20 کلوگرام تھیلے کی قیمتوں میں 50 روپے سے لے کر 60 روپے فی تھیلا مہنگا ہوا تھا.

آٹا مہنگا ہونے کے بعد لاہور کی نان بائی ایسوسی ایشن نے روٹی اور نان کی قیمتیں بھی بڑھا دیں تھی روٹی ایک روپیہ اور نان کی قیمت تین روپے بڑھائی گئی تھی نان بائیوں نے روٹی کی قیمت 8 روپے اور نان 15 روپے کا کر دیا تھا فلور ملزایسوسی ایشن نے موقف اپنایا تھا کہ ہمارے اخراجات بڑھ رہے ہیں، قیمتوں میں اضافہ اب ناگزیر ہوگیا ہے.