صابر قریشی مرحوم کی زندگی جدوجہد سے عبارت تھی ،سینیٹرمشاہد اللہ خان

جمہوریت کی بحالی اور استحکام کے لیے ان کی گرانقدر خدمات سنہرے حروف میں لکھی جائیںگی،مرحوم کے صاحبزاد ے سے گفتگو

منگل 7 جولائی 2020 18:14

صابر قریشی مرحوم کی زندگی جدوجہد سے عبارت تھی ،سینیٹرمشاہد اللہ خان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی نائب صدر و سینیٹ میں پارلمانی لیڈر سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ محمد صابر قریشی (مرحوم) کی ساری زندگی آئین کی بالادستی ،پارلیمنٹ کی خود مختاری اور عوام کا حق حکمرانی تسلیم کیے جانے کے لیے بھرپور جدوجہد سے عبارت تھی ۔جمہوریت کی بحالی اور استحکام کے لیے ان کی گرانقدر خدمات سنہرے حروف میں لکھی جائیںگی ۔

ان کی رحلت سے پاکستان مسلم لیگ (ن)ایک انتہائی بے باک ،متحرک اور مخلص ساتھی سے محروم ہوگئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے مرحوم کے صاحبزادے شیراز قریشی سے تعزیت کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہاکہ صابر قریشی کو عوامی مسائل کا بھرپور ادراک تھا اور وہ ان کے حل کے لیے ہر فورم پر سرگرداں رہتے تھے ۔

(جاری ہے)

جشن آزادی کی تقریبات ہوں یا عید میلاد النبیﷺ کا مبارک موقع ،یوم عاشور ہو یا یوم پاکستان کی تقریب ،صابر قریشی اور ان کے رفقاء ان مواقعوں پر ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے ۔

سینیٹر مشاہد اللہ خان نے محمد صابر قریشی کے لیے دعا کی کہ اللہ سبحان تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے ۔انہوںنے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ شیراز قریشی اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اس خلا کو احسن طریقے سے پر کرنے کی بھرپور کوشش کریںگے۔