وزیراعظم عمران خان آمرانہ سوچ کے حامی ہیں،نثار کھوڑو

وفاقی حکومت 18 ویں ترمیم، این ایف سی پر حملہ آور ہونے کی کوشش کر رہی ہے،اے پی سی سے خطاب

جمعرات 9 جولائی 2020 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ وزیراعظم آمرانہ سوچ کے حامی ہیں اور وفاقی حکومت 18 ویں ترمیم، این ایف سی پر حملہ آور ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو جے یو آئی کی اے پی سی میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نثار کھوڑو نے کہا کے وفاقی حکومت کو 18 ویں ترمیم آنکھ میں کانٹا بن کر چبھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ این ایف سی میں صوبوں کا حصہ 57فیصدکیوں ہی اس لئے 18 ویں ترمیم ہضم نہیں ہورہی۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم میں چھیڑ چھاڑ نہیں ہونے دینگے۔۔نثار کھوڑو نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت ٹیکسز وصولی میں ناکام ہے تو پھر این ایف سی میں صوبوں کے حصے سے کٹوتی غیرآئینی عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سرکار ملک کو ون یونٹ کی طرف دھکیلنا چاھتی ہے۔نثار کھوڑو نے کہا کہ ملک میں صدارتی یا کوئی اور نظام نہیں صرف حقیقی جمہوری پارلیمانی نظام کا تسلسل ہی مسائل کا حل ہے۔