پولیس کانسٹیبل کے اہل خانہ جھگڑا، فائرنگ سے بھتیجا جاں بحق بہن شدید زخمی

جمعہ 10 جولائی 2020 12:55

پشاور ۔10جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2020ء) ضلع چارسدہ کے علاقہ بٹگرام میں پولیس کانسٹیبل نے گھر کے اندر فائرنگ کر کے بھتیجے اور بہن کو شدید زخمی کرنے کے بعد خود کشی کر لی بعد ازاں کمسن بھتیجا بھی زخموں کی تاب نہ لا تے ہوئے چل بسا جبکہ بہن کو شدید زخمی حالت میں پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے ، ڈی پی او چارسدہ شعیب خان کے مطابق پولیس کانسٹیبل فہیم جو پشاور میں تعینات تھا گزشتہ روز اپنے گھر گیا ہوا تھا جہاں گھریلو جھگڑوں کے تناظر میں اس نے طیش میں آکر پہلے اپنی 16سالہ بہن عائشہ اور کمسن بھتیجے مصطفیٰ پر فائرنگ کی اور پھر خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیا ، عائشہ اور مصطفیٰ کو شدید زخمی حالت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال لا یا گیا جہاں مصطفیٰ دم توڑ گیا جبکہ عائشہ زندگی اور موت کی کشمکش سے دوچار ہسپتال میں زیر علاج ہے۔