پی ایس ایل سیزن 5، ٹکٹ ری فنڈ کا آئندہ ہفتے سے آغاز

رقم 2مرحلوں میں واپس کی جائے گی ،بوسیدہ ٹکٹوں کی رقم واپس نہیں ملے گی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 10 جولائی 2020 13:00

پی ایس ایل سیزن 5، ٹکٹ ری فنڈ کا آئندہ ہفتے سے آغاز
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10جولائی 2020ء ) پاکستان سپر لیگ سیزن پانچ کے کورونا وائرس سے متاثر بند دروازوں میں کھیلے جانیوالے میچز کے علاوہ بارش سے متاثرہ یا ملتوی پلے آف مقابلوں کے ٹکٹوں کی پوری رقم شائقین آئندہ ہفتے سے نجی کوریئر کمپنی کے دفاتر سے وصول کرسکیں گے ۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ٹکٹوں کی رقم دو مرحلوں میں واپس کی جائیگی جس کے تحت پہلے مرحلے میں ان میچوں کے ٹکٹ ری فنڈ کئے جائیں گے جن کا انعقاد بند دروازوں میں کیا گیا تھا جب کہ دوسرے مرحلے میں پلے آف میچوں کیلئے فروخت شدہ ٹکٹوں کی رقم واپس کی جائے گی اور دونوں مراحل دس،دس روز کے عرصے پر مشتمل ہوں گے ۔

واضح رہے کہ خریداروں کو کٹے پھٹے یا بوسیدہ ٹکٹوں کی رقم واپس نہیں ملے گی ۔یاد رہے کہ رواں برس پہلی بار مکمل لیگ پاکستان میں شیڈول کی گئی تھی،30میچز کے بعد ایونٹ کو کورونا وائرس کی وجہ سے روکنا پڑ گیا،آخری چند میچز خالی گراؤنڈز پر بھی کھیلے گئے۔

(جاری ہے)

اب بورڈ نے فرنچائزز سے رائے طلب کی ہے کہ بقیہ میچز کرائے جائیں یا پانچویں ایڈیشن کو یہیں ختم کر دیں، انھیں بتایا گیا کہ 4میچز پر تقریباً ساڑھے چار کروڑ روپے خرچ ہوں گے جبکہ 50 سے75 لاکھ روپے تک آمدنی متوقع ہے،یاد رہے کہ17 سے 20 نومبر یا دسمبر کے اوائل کی 2 ممکنہ ونڈوز پی سی بی کی نظرمیں ہیں، گوکہ پلے آف میں پہنچنے والی چاروں ٹیمیں میچز کھیلنا چاہتی ہیں البتہ ذرائع کے مطابق انعقاد دشوار لگتا ہے، بورڈ کے اعلیٰ حکام کو بھی اس کا اندازہ ہے۔

عالمی وبا کب ختم ہو گی اس بارے میں کوئی نہیں جانتا، غیر ملکی کرکٹرز کی دستیابی والی ونڈو تلاش کرنا بھی آسان نہ ہوگا، حالات کی بہتری پر دنیا بھر کے ملتوی شدہ تمام ایونٹس کو بھی ری شیڈول کیا جائے گا،پی ایس ایل5 کو 30 میچز پر ہی ختم کرکے اکاؤنٹس کو فائنل کرنے کی تجویزبھی موجود ہے،البتہ ابھی یہ فیصلہ نہیں ہواکہ اس صورت میں پوائنٹس ٹیبل پرسرفہرست ملتان سلطانزکو فاتح قرار یا بغیر کسی چیمپئن کے اختتام کر دیا جائے ۔