برساتی نالوں کی صفائی کے عمل کو مزید تیزی اور بہتری کے ساتھ سر انجام دینے کی ضرورت ہے، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ روشن علی شیخ

جمعہ 10 جولائی 2020 22:07

کراچی۔10 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2020ء) برساتی نالوں کی صفائی کے عمل کو مزید تیزی اور بہتری کے ساتھ سر انجام دینے کی ضرورت ہے۔یہ بات سیکرٹری لوکل گورنمنٹ روشن علی شیخ نے برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں صفائی کے عمل کو مزید تیز اورمئوثر بنانے کے حوالے سے سیکرٹری بلدیات نے احکامات جاری کئے۔

سیکرٹری بلدیات سندھ کو اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تمام اضلاع میں موجود برساتی نالوں پر روزانہ شفٹوں کی بنیاد پر لگاتار صفائی کی عمل جاری ہے جس کے تحت ڈمپروں میں کچرا بھر کر لینڈ فل سائیٹ منتقل کیا جارہا ہے۔ سیکرٹری بلدیات سندھ کے استفسار پر ان کو بتایا گیا کہ8 جولائی کو ضلع ملیر کی حدود میں موجود برساتی نالوں سے اب تک 1672.38ٹن اور ضلع شرقی میں واقع برساتی نالوں سے 1316.633کچرا نکال کر لینڈ فل سائٹ پر منتقل کیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

روشن علی شیخ نے افسران کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر بلدیات و وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات کی روشنی میں برساتی نالوں کی صفائی کے عمل کو مزید تیزی اور بہتری کے ساتھ سر انجام دینے کی ضرورت ہے اور عوامی سہولت کی پیش نظر جلد ازاجلد منصوبے کو تکمیل تک پہنچانا بے حد ضروری ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے کہا کہ عالمی بینک کی جانب سے دی جانے والی رقم کا مصرف برساتی نالوں کی صفائی کے علاوہ کچھ بھی ہونا چاہیے اور تمام ٹھیکیداروں کو واشگاف الفاظ میں یہ بات باور کروادی جائے کہ کسی بھی صورت کام کی تکمیل کی بنا رقم یا ایڈوانس کی ادائیگی کا تقاضہ نہ کریں۔

روشن علی شیخ نے شرکاء اجلاس کو ہدایات کی کہ تمام اضلاع کی حدود میں ہونی والی صفائی کی سرگرمیوں سے روزانہ کی بنیاد پر ان کو مطلع کیا جائے تاکہ کام کی تکمیل کے وقت ہر شے شفاف اور واضع ہو۔