موجودہ حکومت عوام کو صحت عامہ کی سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کر رہی ہے، شفیع اللہ

تحریک انصاف کے منشور میں شعبہ صحت اور تعلیم کی ترقی سرفہرست ہے،معاون خصوصی

جمعہ 10 جولائی 2020 22:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2020ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے انسداد بدعنوانی و رشوت ستانی ملک شفیع اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے کیونکہ صحت مند معاشرے ہی ترقی کر سکتے ہیں اور حکومت کی خواہش ہے کہ صوبے کے عوام کو ان کی دہلیز پر علاج معالجہ کی جدید سہولت میسر ہو۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں حکومت نے دیر بالا،دیر پائیںاور ہری پور میں سرکاری ہسپتالوں اور پرائیویٹ طبی تعلیمی اداروں کے مابین سرکاری و نجی اشتراک کے تحت پیرا میڈیکل اور نرسنگ کے شعبوں میں علاج معالجے کی تربیت کے پروگرام کا آغاز کیا ہے جو کہ طب کے میدان میں خوش آئند اقدام ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخوا ہیلتھ فاؤنڈیشن کے زیراہتمام سرکاری ہسپتالوں اور پرائیویٹ میڈیکل ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز کے مابین میڈیکل نرسنگ اور پیرامیڈیکل کے طلبہ کو علاج و معالجہ کی تربیت دینے کے تحریری معاہدے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سپیشل سیکرٹری صحت عادل اقبال، ہیلتھ فاؤنڈیشن کے مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر جانباز آفریدی،پرائیویٹ طبی تعلیمی اداروں کے سربراہان اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔مذکورہ معاہدے کے تحت اضلاع ہری پور ،دیر پائیں اور دیر بالا کے پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں پیرامیڈیکل اور نرسنگ کے طلباء کو طبی تربیت فراہم کی جائے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہیلتھ فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر،سپیشل سیکرٹری صحت اور دیگر مقررین نے معاہدے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس کی بدولت صحت کے شعبہ میں مزید بہتری آئے گی۔

معاون خصوصی ملک شفیع اللہ نے معاہدے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ فاؤنڈیشن کی کاوشیں طبی شعبہ کی بہتری میں مددگار ثابت ہوں گی کیونکہ پیرامیڈیکل اور نرسنگ کا شعبہ صحت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور ترقی یافتہ ممالک انہیں زیادہ سے زیادہ فوقیت دے رہے ہیں جن کی بدولت بے روزگاری کے خاتمے میں بھی مدد مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران ہمارے شعبہ صحت کے نرسنگ اور پیرا میڈیکس کے عملے اور ڈاکٹروں کی کارکردگی قابل تحسین اور حوصلہ افزا رہی ہے جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر جنگ لڑی۔

قبل ازیں معاون خصوصی کو ہیلتھ فاؤنڈیشن کی کامیابیوں اور لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ معاہدے پر باقاعدہ دستخط کئے گئے۔