پاکستان میں کرونا وائرس ویکسین کا کلینیکل ٹرائل شروع کرنے کا اعلان

چینی کمپنی کے ساتھ پاکستان میں معاہدہ ہوگیا ہے، کلینیکل ٹرائل کی کامیابی کے بعد ویکسین کی تیاری شروع کر دی جائے گی: ڈاکٹر عطا الرحمان

muhammad ali محمد علی منگل 14 جولائی 2020 00:10

پاکستان میں کرونا وائرس ویکسین کا کلینیکل ٹرائل شروع کرنے کا اعلان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13جولائی 2020ء ) پاکستان میں کرونا وائرس ویکسین کا کلینیکل ٹرائل شروع کرنے کا اعلان، چینی کمپنی کے ساتھ پاکستان میں معاہدہ ہوگیا ہے، کلینیکل ٹرائل کی کامیابی کے بعد ویکسین کی تیاری شروع کر دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے معروف سائنسدان ڈاکٹر عطاالرحمان نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے قوم کو بڑی خوشخبری سنائی ہے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرونا سے متعلق پاکستان میں صورتحال بہتر ہے اور اگر احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھا گیا تو اگلے 2 سے 3 ماہ میں کرونا وبا پر کنٹرول کرلیا جائے گا۔

ڈاکٹر عطاالرحمان کی جانب سے کرونا وائرس ویکسین کے حوالے سے بھی بڑا اعلان کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا بتانا ہے کہ کرونا ویکسین سے متعلق چینی کمپنی کے ساتھ پاکستان میں معاہدہ کر لیا گیا ہے۔ ڈریپ کو معاہدے سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے اور اب بس منظوری کا انتظار ہے۔ جیسے ہی ڈریپ کی جانب سے منظوری دی جائے گی پاکستان میں کرونا ویکسین کا کلینیکل ٹرائل شروع کر دیا جائے گا۔

یہ پاکستان میں کرونا ویکسین کے کلینیکل ٹرائل کا پہلا فیز ہوگا۔ کلینیکل ٹرائل کی کامیابی کے بعد ویکسین کی تیاری شروع کردی جائےگی۔ پاکستان اور چین میں کلینیکل ٹرائل کے فیز مکمل ہونے کے بعد 6 سے 8ماہ میں کرونا ویکسین دستیاب ہونے کا امکان ہے۔ ڈاکٹر عطا الرحمان کا پاکستان میں کرونا پھیلاو کی صورتحال کے حوالے سے کہنا ہے کہ حکومت کی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کامیاب جارہی ہے۔

اسمارٹ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کرونا کیسزمیں کمی آرہی ہے۔ عید پر مزید احتیاط کرنے کی ضرورت ہے ورنہ کرونا وائرس کے پھیلاو میں دوبارہ شدت آ سکتی ہے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد تقریباً ڈھائی لاکھ ہو چکی ہے، جبکہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد صحتیاب بھی ہو چکے۔ اب تک ملک میں 5 ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوئے ہیں۔