سرکاری ملازمین کو جبری ریٹائرڈ کرنے کی افواہیں،اپوزیشن متحرک ہو گئی

سرکاری ملازمین کو جبری ریٹائرڈ کرنے کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 14 جولائی 2020 11:01

سرکاری ملازمین کو جبری ریٹائرڈ کرنے کی افواہیں،اپوزیشن متحرک ہو گئی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14جولائی 2020ء ) سرکاری ملازمین کو جبری ریٹائرڈ کرنے کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی ہے۔قرارداد رکن پنجاب اسمبلی رابعہ فاروقی نے جمع کرائی۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا ایوان سرکاری ملازمین کو جبری ریٹائر کرنے کے لیے وفاقی حکومت کے اقدامات پر سخت تشویش کا اظہار کرتا ہے اور اس حوالے سے بنائی گئی کمیٹیوں کو مسترد کرتا ہے۔

قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کا سرکاری ملازمین کو ریٹائر کرنے کا فیصلہ انسانیت سوز ہے۔یہ فیصلہ انسانی حقوق کے بھی خلاف ہے۔حالیہ بجٹ میں وفاقی اور پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کر کے ان کو بنیادی حق سے محروم کیا۔اور اب سرکاری ملازمین کو جبری ریٹائرڈ کرنے کی حکمت عملی طے کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے سرکاری ملازمین کو جبری ریٹائر کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے مختلف کمیٹیوں کی تشکیل کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت یہ اقدام ایسے موقع پر کرنا چاہتی ہے جب لوگ پہلے ہی معاشی طورپر پس کررہ گئے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ یہ تمام معاملہ بدنیتی کا مظہر ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن)اس معاملے کو قومی اسمبلی میں اٹھائے گی اور اس پر حکومت سے وضاحت طلب کرے گی۔

واضح رہے آئی ایم ایف کی تجاویز پر مشیر اصلاحات کمیشن عشرت حسین نے تنخواہوں پر سالانہ انکریمنٹ ختم کرنے کی سفارشات حکومت کو بھجوا دیں۔ آئی ایم ایف نے تجویز دی ہے کہ بنیادی پےاسکیل پر تعینات سرکاری ملازم ریٹائرمنٹ تک اسی بنیادی تنخواہ پر رکھا جائے۔ اصلاحات کمیشن کی سفارشات کی حتمی منظوری کابینہ سے لی جائے گی۔ ذرائع وزارت خزانہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف نے اخراجات میں کمی کیلئے شرط عائد کر رکھی ہے۔

آئی ایم ایف نے تجویز دی کہ بنیادی تنخواہ پر انکریمنٹ کی بجائے تنخواہیں منجمد کی جائیں۔ آئی ایم ایف نے مزید تجویز دی ہے کہ تنخواہوں میں اضافہ کی بجائے الاؤنسز میں معمولی اضافہ کیا جائے۔ سالانہ انکریمنٹ میڈیکل اور ہاؤس رینٹ اور دیگر الاونسز پر دیا جائےگا۔ اس اقدام سے حکومت ریٹائرمنٹ کے وقت کم پنشن ادا کرے گی۔ اس اقدام سے الاؤنسز انتہائی کم مقدار میں بڑھیں گے۔ جبکہ ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کی پنشنرز کا بوجھ کم ہو جائے گا۔ ریٹائرمنٹ کے وقت حکومت کم بنیادی تنخواہ پر ہی پنشن کیلکولیٹ کرے گی۔