اسرائیل میں20 بار عمر قید کا سامنا کرنے والے فلسطینی کے والد کا انتقال

اسیر براقعہ کے والد الحاج مسلم البراقعہ گذشتہ چند روز سے کرونا کا شکار تھے،فلسطینی میڈیا

منگل 14 جولائی 2020 16:27

بیت لحم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2020ء) اسرائیلی جیل میں بیس بار عمر قید کے تحت پابند سلاسل القسام بریگیڈ کے کمانڈر خلیل براقعہ کے والد الحاج مسلم براقعہ گذشتہ روز انتقال کرگئے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق الحاج مسلم براقعہ غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں عایدہ کیمپ میں رہائش پذیر تھے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں، اندرون اور بیرون ملک فلسطینیوں نے الحاج براقعہ کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسیر خلیل براقعہ سے تعزیت کی ہے۔

خیال رہے کہ اسیر براقعہ کے والد الحاج مسلم البراقعہ گذشتہ چند روز سے کرونا کا شکار تھے۔اسیر خلیل براقعہ کو اسرائیلی فوج نے 25 جولائی 2002 کو حراست میں لیا۔ دوران حراست تفتیش کی آڑ میں اس پر تشدد کے بدترین حربے استعمال کیے گئے۔تفتیش کے بعد خلیل کے خلاف اسرائیل کی فوجی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا۔ عدالت نے دسیوں اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کرنے کی کارروائیوں میں قصور وار قرار دیتے ہوئے خلیل کو 20 بار عمر قید کی سزا سنائی۔