امریکا اورپانچ دیگر ممالک جنوبی اور وسطی ایشیا کو جوڑنے کے خواہاں

معاشی و سلامتی شراکت دار بن رہے ہیں جس سے اربوں ڈالر کی چینی سرمایہ کاری کا راستہ ایران میں کھلے گا،امریکی اخبار

منگل 14 جولائی 2020 16:27

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2020ء) امریکا اور 5 دیگر وسطی ایشیائی ممالک نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات استوار کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کیا ہے جو وسطی ایشیا کو جنوبی ایشیا اور یورپ کی منڈیوں سے جوڑے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق واشنگٹن میں رواں ہفتے جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں انہوں نے افغانستان میں صورتحال کے پرامن حل کی کوششوں کو سراہا جس کے بارے میں امریکیوں کا ماننا ہے کہ اس سے جنوبی اور وسطی ایشیائی خطے میں معاشی استحکام کے مواقع پیدا ہوں گے۔

ایران اور چین نے دونوں خطے کو ملانے کا مشترکہ منصوبہ ترتیب دیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ وہ معاشی و سلامتی شراکت دار بن رہے ہیں جس سے اربوں ڈالر کی چینی سرمایہ کاری کا راستہ ایران میں کھلے گا۔

(جاری ہے)

امریکی اخبار نے رپورٹ کیا کہ 25 برسوں میں ایران میں مجموعی طور پر 400 ارب ڈالر کی چینی سرمایہ کاری ہوگی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اس معاہدے سے ایرانی حکومت کو تنہا کرنے کے ٹرمپ انتظامیہ کی کوششوں کو ختم کیا جائے گااور خطے میں چین کی موجودگی کو وسیع پیمانے پر وسعت دی جائے گی۔

دونوں ممالک مشترکہ طور پر مواصلات، بندرگاہوں، ریلوے اور سڑکوں کا ایک ایسا نیٹ ورک تیار کریں گے جو مشرق وسطی اور یورپ کی منڈیوں تک چین کی رسائی کو بڑھائے گا۔اس حوالے سے واشنگٹن میں موجود سفارتی مبصرین کا کہنا تھا کہ امریکا اور چین دونوں ہی جنوبی اور وسطی ایشیائی خطوں میں بہت زیادہ معاشی امکانات دیکھتے ہیں اور ان تجارتی راستوں پر قابو پانا چاہتے ہیں جس سے ان کا انضمام کھل سکتا ہے۔

دونوں خطوں میں اپنے منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے واشنگٹن نے سی 5+1 کے نام سے ایک گروپ تشکیل دیا ہے ، جس میں امریکا، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں۔انہوں نے افغانستان کے ٹرانزٹ صلاحیتوں کو فروغ دینے میں تعاون کے مواقع پر غور کرنے کے لیے ایک ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا ہے جس میں بڑے منصوبوں کے لیے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی مالی اعانت کے مواقع کی تلاش بھی شامل ہے۔

شرکا نے وسطی ایشیا اور وسیع تر خطے میں 'معاشی لچک پیدا کرنے اور سلامتی اور استحکام کو مزید مستحکم کرنے کے لیے متعدد آپشنز پر تبادلہ خیال کیا۔مزید برآں یو ایس ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن، یو ایس ایکسپورٹ امپورٹ بینک، اور ڈیپارٹمنٹ آف کامرس کا انٹرنیشنل ٹریڈ ایڈمنسٹریشن خطے میں منصوبوں کے لیے مالی اعانت فراہم کرے گا۔