لوکل گورنمنٹ سندھ میں کرپشن کے خاتمے کیلئے نیب نے سفارشات تیار کرلیں، چیئر مین کو ارسال

منگل 14 جولائی 2020 23:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2020ء) لوکل گورنمنٹ سندھ میں کرپشن کے خاتمے کیلئے نیب نے سفارشات تیار کرلیں، نیب سکھر نے سفارشات پر مبنی رپورٹ چئیرمین نیب کو ارسال کردی۔ رپورٹ کے مطابق محکمہ لوکل گورنمنٹ اپنے تمام امور اور ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرے، مسائل کے حل کے لئے عوامی سماعت کا انعقاد کیا جائے، بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ سیمینارز منعقد کئے جائیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا کہ تمام افسران تبادلے کے وقت تمام امور سے آگاہ کریں گے، ریکارڈ غائب ہونے کی صورت میں متعلقہ افسر کے خلاف کاروائی کی جائے گی، کرپشن کے خاتمے کے لیے تمام بلوں کا پہلے آڈٹ ہوجانا چاہیے۔سفارشات پر مبنی رپورٹ میں کہا گیا کہ ٹرانسفر پوسٹنگ کا اختیار سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ کے پاس ہوگا، ملازمین کی بھرتیاں مکمل قواعد یا پبلک سروس کیذریعے ہونی چاہئیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ لوکل گورنمنٹ کے ملازمین کی تنخواہیں اور پینشن کی ادائیگی بینک کے ذریعے ہونی چاہیے۔