موسم برسات کے دوران ڈینگی لاروا کی افزائش میں اضافے کا خدشہ، واسا، محکمہ صحت اور میونسپل کارپوریشن سمیت تمام محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا

جمعرات 16 جولائی 2020 13:46

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2020ء) موسم برسات و مون سون کے آغاز اور کئی مقامات پر نشیبی جگہوں پر برساتی پانی کے جوہڑ بننے سے ڈینگی لاروا کی افزائش میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جس کے باعث محکمہ صحت اور میونسپل کارپوریشن و واسا سمیت تمام محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ شہریوں سے کسی بھی جگہ پر پانی جمع نہ ہونے دینے کی اپیل کی گئی ہے تاکہ موسمی حالات کے باعث ڈینگی کے پھیلائو کو روکنے کیلئے اقدامات مکمل رکھے جا سکیں۔

اس سلسلہ میں ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر، میٹرو پولیٹن کارپوریشن،میونسپل کارپوریشن ، ضلع کونسل ، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، واسا ، پی ایچ اے کے افسران اور انتظامی حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اپنے ماحول کو صاف ستھرارکھنا اور ڈینگی سے بچائو کیلئے حفاظتی ، تدارکی ، احتیاطی وانسدادی اقدامات بھی مکمل رکھنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ ڈینگی لاروا کے انسداد کیلئے محکمہ صحت کی ٹیمیں متحرک ہیں تاہم شہریوں کے تعاون کے بغیر مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے جاسکتے لہٰذ ا شہری گھروں اور ارد گرد صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھیں اور کسی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی ایک سماجی مسئلہ ہے جس سے بچائو احتیاطی تدابیر سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے بتایا کہ اینٹی ڈینگی ٹیموں کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس کا عمل جاری ہے اور ٹیمیں کباڑ خانوں،ٹائرشاپس،قبرستانوں،گھروںمیں ڈینگی لاروا کی پیدائش وافزائش کو چیک کرکے ان کا صفایا کر رہی ہیں لیکن اس کے باوجودڈینگی کے انسداد کیلئے مشترکہ کاوشوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے ۔

انہوںنے کہاکہ سماجی خدمت کیلئے کام کرنے والی این جی اوز کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور علماء کرام کو بھی چاہیے کہ وہ عوام میں ڈینگی سے بچائو اور صفائی کے حوالے سے خصوصی شعور پیدا کرنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں تاکہ ڈینگی کے خطرات سے نمٹنا یقینی ہو سکے۔