طویل عمری کے لئے جسم میں فولاد (آئرن) کی مناسب مقدار اہم ہے، ماہرین صحت

ہفتہ 25 جولائی 2020 12:00

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2020ء) برطانوی ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ طویل عمری کے لئے جسم میں فولاد (آئرن) کی مناسب مقدار اہم ہے۔ ایڈنبرا یونیورسٹی کے شعبہ صحت کا ماہرین کی جانب سے کی گئی تحقیق میں 17 لاکھ 50 ہزار افراد کے طبّی اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا جن میں سے 60 ہزار ایسے تھے جنہوں نے غیرمعمولی طور پر طویل عمر پائی تھی۔

(جاری ہے)

صحت اور طویل العمری سے متعلق مختلف معلومات کا جائزہ لینے کے بعد ماہرین پر انکشاف ہوا کہ جو لوگ زیادہ عرصے تک زندہ رہے، ان کے خون میں فولاد (آئرن) کی مقدار ’بالکل ٹھیک‘ تھی، یعنی وہ کم تھی نہ زیادہ۔واضح رہے کہ بالغ مردوں کے خون میں آئرن کی ’نارمل‘ مقدار 59 سے 158 مائیکرو گرام فی ڈیسی لیٹر، جبکہ بالغ خواتین میں 37 سے 145 مائیکرو گرام فی ڈیسی لیٹر قرار دی جاتی ہے۔ ماہرین کی اس ٹیم نے طویل عمر پانے والے افراد کے خون میں آئرن کی نارمل مقدار کے علاوہ کچھ ایسے جین بھی دریافت کیے ہیں جو خون میں فولاد کی مقدار ’صحت مند سطح‘ پر برقرار رکھنے کا کام بھی کرتے ہیں۔