پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے ٹنڈوآدم جوہرآباد ریلوے پھاٹک پر انڈر پاس تعمیر نہ ہونے کیخلاف علامتی بھوک ہڑتال

منگل 28 جولائی 2020 21:40

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2020ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے ٹنڈوآدم جوہرآباد ریلوے پھاٹک پر انڈر پاس تعمیر نہ ہونے کے خلاف حیدرآباد پریس کلب پر علامتی بھوک ہڑتال کی گئی، پاسبان رہنماء سلطان خاصخیلی، زبیر قریشی نے بتایا کہ قیام پاکستان سے آج تک درجنوں ایم پی ایز ایم این ایز اور سینیٹرز ٹنڈوآدم کے منتخب ہوئے مگر آج تک جوہرآباد پھاٹک پر انڈر پاس کے مسئلے پر کسی بھی منتخب نمائندے نے کوئی دلچسپی نہیں لی، پھاٹک بند ہونے سے بڑی تعداد میں بزرگ لوگ خواتین اور معصوم بچے فوت ہو چکے ہیں، شدید گرمی اور دھوپ کی وجہ سے عوام بڑے پیمانے پر پریشان ہے مگر یہاں کے منتخب نمائندوں کو ذرا بھر بھی احساس نہیں، انہوں نے کہا کہ 2006ء میں سینیٹر ملک امام الدین شوقین نے انڈر پاس بنانے کے لئے کوشش کی سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے انڈر پاس بنانے کا سنگِ بنیاد رکھا اور تخطی بھی لگا کر افتتاح کیا مگر آج تک وہ انڈر پاس تعمیر نہیں ہو سکا ہے رقم کہاں گئی کوئی علم نہیں، انہوں نے بتایا کہ آصف علی زرداری نے ٹنڈوآدم میں ملک امام الدین شوقین کی دعوت پر عوام سے انڈر پاس بنانے کا وعدہ کیا تھا مگر آج تک وہ وعدہ وفا نہیں ہو ا ہے، انہوں نے وفاقی اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹنڈوآدم شہر کا درینہ مسئلہ انڈر پاس فوری طور پر بنایا جائے اور شہر کی عوام کو اس عذاب سے نجات دلائی جائے۔