کورونا نے عالمی سطح پر تجارت کے ساتھ ساتھ زندگی کے ہر شعبہ کو بری طرح متاثر کیا ہے جس کے ازالہ کیلئے حکومت کو ضروری اقدامات اور متعلقہ اداروں کو مراعات دینی چاہئیں،صدر فیصل آباد چیمبر

جمعرات 30 جولائی 2020 18:01

کورونا نے عالمی سطح پر تجارت کے ساتھ ساتھ زندگی کے ہر شعبہ کو بری طرح ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2020ء) :کورونا نے عالمی سطح پر تجارت کے ساتھ ساتھ زندگی کے ہر شعبہ کو بری طرح متاثر کیا ہے جس کے ازالہ کیلئے حکومت کو ضروری اقدامات اور متعلقہ اداروں کو مراعات دینی چاہئیں۔ یہ بات صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری رانا محمد سکندر اعظم خان نے جمعرات کے روز لینگوئسٹک ،کمیونیکیشن سکلز اینڈ کیریئر کونسلنگ کے بارے میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا کی وجہ سے حفاظتی اقدامات کے باعث بین الاقوامی تجارت میں چالیس فیصد کمی متوقع ہے جبکہ اس بیماری نے براہ راست ملاقاتوں کی بجائے آن لائن تجارت اور ورچوئل میٹنگز کی حوصلہ افزائی کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے تجارتی خسارے پر قابو پانے کیلئے جدید تقاضوں کے مطابق آن لائن تجارت کے فروغ پر توجہ دینا ہو گی مگر اس وقت صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ متعلقہ نجی انسٹیٹیوٹس بند ہونے سے ان تنظیموں کیلئے ہنر مند اور تربیت یافتہ افرادی قوت تیار نہیں ہو رہی جو ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ اداروں نے بھی ان انسٹیٹیوٹس کو کوئی سہولت نہیں دی جس کی وجہ سے یہ ادارے مالی بحران کا شکار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ان اداروں کو آن لائن کلاسز شروع کرنے کیلئے انٹرنیٹ کی سہولت دے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح سٹیٹ بینک نے دوسرے اداروں کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے قرض کی سہولت دی ہے اسی طرح ان اداروں کے اساتذہ کو بھی یہ سہولت دی جائے ۔ اجلاس میں چیئرمین کمیٹی جنید محمود بیگ، رانا اکرام اللہ خان،حبیب الرحمن گل، انجینئر با بر شہزاد ، شیخ ابرار احمد، محترمہ مریم نسیم ، محترمہ ثناء طارق ، حسن احمد اور حسن سرفراز نے بھی شرکت کی۔