پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی ٹنڈوآدم کی جانب ریلوے پھاٹک پر انڈر پاس تعمیر نہ ہونے کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال

جمعہ 31 جولائی 2020 21:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جولائی2020ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی ٹنڈوآدم کی جانب سے ٹنڈوآدم جوہرآباد ریلوے پھاٹک پر انڈر پاس تعمیر نہ ہونے کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال کی گئی، اس موقع پر پاسبان رہنما سلطان خاصخیلی، زبیر قریشی، شہزاد چشتی، محمد رمضان انصاری، فرقان راجپوت اور رضوان چوہان غلام جیلانی نے کہا کہ ٹنڈوآدم میں قیام پاکستان سے لیکر آج تک ٹنڈوآدم سے درجنوں ایم پی اے ،ایم این اے اور سینیٹر کے منتخب ہوئے مگر آج تک جوہرآباد پھاٹک پر انڈر پاس کے مسئلے پر کسی بھی منتخب نمائندے نے کوئی دلچسپی نہیں لی اورپھاٹک بند ہونے سے ایمرجنسی کی صورت میں بڑی تعداد میں بزرگ لوگ خواتین اور معصوم بچے فوت ہو چکے ہیں جبکہ شدید گرمی اور دھوپ کی وجہ سے عوام پریشان ہیں مگر یہاں کے منتخب نمائندوں کو کوئی احساس نہیں ہے،انہوں نے کہاکہ 2006ء میں ملک امام الدین شوقین نے انڈر پاس بنانے کے لئے کوشش کی اور سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے انڈر پاس بنانے کا سنگِ بنیاد رکھ کر افتتاح کیا مگر آج تک وہ انڈر پاس تعمیر نہیں ہو سکا جس کی رقم بھی ہڑپ کر لی گئی جکہ آصف علی زرداری نے ٹنڈوآدم کے دورے پر عوام سے انڈر پاس بنانے کا وعدہ کیا تھا مگر آج تک وہ وعدہ بھی وفا نہ ہوسکا ،انہوں نے وفاقی اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹنڈوآدم شہر کا درینہ مسئلہ انڈر پاس فوری طور پر بنایا جائے ۔