پنجاب میں ضمنی انتخابات: وزیراعظم نے ابتدائی مشاورت مکمل کرلی

اجلاس میں امیدواروں کے نام کی فہرست اور انتخابی مہم سمیت دیگر امور پر حکمت عملی بھی طے کی گئی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 5 اگست 2020 22:38

پنجاب میں ضمنی انتخابات: وزیراعظم نے ابتدائی مشاورت مکمل کرلی
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05اگست2020ء) : پنجاب میں ضمنی انتخابات: وزیراعظم کی ابتدائی مشاورت مکمل کرلی، اجلاس میں امیدواروں کے نام کی فہرست اور انتخابی مہم سمیت دیگر امور پر حکمت عملی بھی طے کی گئی، ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب میں ضمنی انتخابات سے متعلق ابتدائی مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔

اجلاس میں امیدواروں کے نام کی فہرست اور انتخابی مہم سمیت دیگر امور پر حکمت عملی بھی طے کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں گورنر پنجاب چودھری سروراور اعجاز چودھری نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطحی اجلاس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری اور معاون خصوصی عثمان ڈار بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اعجاز چودھری نے پنجاب کے ضمنی انتخابات سے متعلق وزیر اعظم کو رپورٹ پیش کی۔

بتایا گیا ہے کہ پارٹی سفارشات کی بنیاد پر امیدوار کی نامزدگی کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان خود کریں گے۔ ذرا ئع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کو حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ہونے والے ضمنی الیکشن سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی جب کہ پی پی 51 وزیر آباد میں منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات کی تیاریوں پر مبنی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب سے انتخابی تاریخ پر تجاویز مانگ لی ہیں۔

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں الیکشن کمیشن کے اراکین سمیت وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق مشاورت کی گئی۔