ریجن میں پاکستانی برآمدات کو بڑھانے کیلئے جارجیا میں ٹریڈ سنٹر قائم کیا جائے گا،صدر فیصل آباد چیمبر رانا محمد سکندر اعظم

ہفتہ 8 اگست 2020 21:22

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2020ء) جارجیا میں ٹریڈ سنٹر قائم کیا جائے گا تاکہ اس ریجن میں پاکستانی برآمدات کو بڑھانے کیلئے ضروری سہولتیں مہیاکرنے کے علاوہ پاکستانی اور جارجیا کے تاجروں کے درمیان تجارتی رابطوں کو بھی مستحکم کیا جا سکے۔ یہ بات جارجیا میں مقیم پاکستانی کرنل(ر) محمد شہباز خاں (تمغہ امتیاز ملٹری) نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں سے ملاقات کے دوران بتائی۔

انہوں نے پاکستان آرمی سے اپنی وابستگی کے حوالے سے بتایا کہ انہیں اقوام متحدہ کی فوج میں بھی خدمات کا موقع ملا جس کے بعد وہ جارجیا میں مقیم ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ملک میں پاکستانی سفارتخانہ نہیں ہے اس لئے وہ یہاں ٹریڈ سنٹر قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ جارجیا اور اس کے اردگر د کی ریاستوں کیلئے پاکستانی برآمدات کو بڑھایا جا سکے۔

(جاری ہے)

فیصل آباد کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ان ملکوں کیلئے چاول، ہاسپٹل لینن، بیڈشیٹس اور ٹاولز کی برآمد کے وسیع امکانات ہیں جبکہ دوسری بہت سی اشیائ بھی برآمد کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہاں اٴْن کی ذاتی پراپرٹی ہے جہاں ٹریڈ سنٹر قائم کرنے کے علاوہ پاکستان سے آنے والے برآمد کنندگان کو رہائش کی سہولتیں بھی مہیا کی جا سکتی ہیں۔

فیصل آباد چیمبر کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے کرنل (ر) محمد شہباز خاں کے پاکستانیت کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ وہ فوج سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی پاکستان کی خدمت کا عزم رکھتے ہیں اور اس سلسلہ میں جارجیا میں ٹریڈ سنٹر قائم کرنے کی تجویز انتہائی قابل عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ ٹریڈ سنٹر کرنل شہباز کی زیر نگرانی چلے گا اس لئے پاکستانیوں کیلئے اٴْن پر اعتماد کرنا آسان ہو گا اور وہ برآمدی سامان کو اٴْن کے وئیر ہاؤس میں ڈمپ بھی کر سکتے ہیں۔

رانا محمد سکندر اعظم خاں نے انہیں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور بتایا کہ وہ فیصل آباد کے تاجروں کا وفد لے کر جارجیا کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پرڈاکٹر سجاد ارشد، ایوب اسلم منج اور رانا اکرام اللہ بھی موجود تھے۔