پی آئی اے کا 14 اگست سے ملک کے مزید 3 ائیرپورٹس سے پروازیں بحال کرنے کا اعلان

قومی ائیرلائن یوم آزادی کے موقع پر ملتان، سکھر اور گوادر ائیرپورٹس سے پروازوں کا دوبارہ سے آغاز کرے گی، مسافروں کو کرائے کی مد میں 14 فیصد رعایت دینے کا اعلان

muhammad ali محمد علی منگل 11 اگست 2020 00:09

پی آئی اے کا 14 اگست سے ملک کے مزید 3 ائیرپورٹس سے پروازیں بحال کرنے کا ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اگست2020ء) پی آئی اے کا 14 اگست سے ملک کے مزید 3 ائیرپورٹس سے پروازیں بحال کرنے کا اعلان، قومی ائیرلائن یوم آزادی کے موقع پر ملتان، سکھر اور گوادر ائیرپورٹس سے پروازوں کا دوبارہ سے آغاز کرے گی، مسافروں کو کرائے کی مد میں 14 فیصد رعایت دینے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے حالات بہتر ہوتے ہی مزید ملکی ائیرپورٹس سے پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق 14 اگست سے ملک کے مزید 3 ائیرپورٹس سے قومی ائیرلائن کی پروازیں بحال کر دی جائیں گی۔ پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 14 اگست سے ملتان، سکھر اور گوادر ائیرپورٹ سے کئی ماہ بعد پروازوں کا دوبارہ سے آغاز ہو گا۔

(جاری ہے)

ان ائیرپورٹس سے ناصرف پروازوں کے دوبارہ آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے، بلکہ مسافروں کیلئے کرائے کی مد میں خصوصی رعایت بھی دی گئی ہے۔

14 اگست کے موقع پر پی آئی اے کے ذریعے فضائی سفر کرنے والے مسافروں کو ٹکٹ پر 14 فیصد ڈسکاونٹ دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ ہفتے ملک کا فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔ کرونا وائرس کی وجہ سے مارچ کے ماہ میں عائد کی گئی تمام پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں، اب کوئی بھی مقامی یا غیر ملکی ائیرلائن ملک کے کسی بھی ائیرپورٹ سے پروازیں آپریٹ کر سکتی ہے۔ ائیرلائن کو مقامی اور بین الاقوامی دونوں طرز کی پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اسی فیصلے کے بعد ایمرٹس ائیرلائن نے بھی پاکستان کیلئے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد میں مزید اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔