ضلع بھرمیں پولیو مہم کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں‘ڈپٹی کمشنر قصور

بدھ 12 اگست 2020 16:19

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2020ء) ڈپٹی کمشنر قصور منظر جاوید علی نے کہا کہ ضلع بھرمیں پولیو مہم کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں‘ کرونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر پولیو ٹیموں کو خصوصی طور پر ٹریننگ دی گئی ہے‘ مہم کے دوران ٹیمیں بچوں کو پولیو کے قطرے پلاتے وقت تمام تر حکومتی ایس او پیز پر پر عملدرآمد کو یقینی بنائینگی ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے تین روزہ پولیومہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈی سی کمیٹی روم میںاجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ مہم کے دوران پولیو ٹیموں کیساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذور ی سے بچائیں ۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع قصور میں خصوصی پولیو مہم 15تا 17اگست 2020تک چلائی جا رہی ہے جبکہ 18اگست کو فالواپ ہو گا۔

(جاری ہے)

انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں مجموعی طور پانچ سال سے کم عمر 6لاکھ 44ہزار 660بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کیلئے 1419ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیںجبکہ3116پولیو ورکر ڈیوٹی دینگے ۔ اس موقع پولیو ٹیموں کو ماسک ، سینٹائزر اور باقاعدگی سے انکا ٹمپریچر چیک کیا جائیگا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ز قصور انعم زید ، چونیاں عدنان بدر ، پتوکی آصف علی ڈوگر ، کوٹ رادھاکشن نازیہ موہل ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مبشر لطیف ، سی ای او ایجو کیشن ناہید واصف ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اقبال خان ، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر اسرار احمد انجم ، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر محمد آصف چوہدری ، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر منصور اشرف ، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام ڈاکٹر ثمرہ خرم ، ڈی ڈی ایچ او کوٹ رادھاکشن ڈاکٹر ارشاد بھنگو ، فوکل پرسن پولیو رمضان شاہد ،تمام متعلقہ محکموں کے افسران ،علماء اکرام اور دیگر نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :