ڈرامہ شائقین کی سٹیج ڈرامہ میں عدم دلچسپی،ڈرامہ پروڈیوسرز پریشان،لاکھوں کا جھٹکا

جمعرات 13 اگست 2020 12:10

کھڈیاں خاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2020ء) ڈرامہ شائقین کی سٹیج ڈرامہ میں عدم دلچسپی،ڈرامہ پروڈیوسرز پریشان،لاکھوں کا جھٹکا،تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے ایس او پیز کے ساتھ تھیٹرز اوپن کرنے کی اجازت دی گئی تھی جس پر آرٹسٹوں اور ڈرامہ پروڈیوسرزنے خوشی کا اظہار کیا تھا مگر ان کی خوشی تھیٹرز کھلنے کے تین دن بعد ہی رفو چکر ہوگئی جب ڈرامہ شائقین نے تھیٹرز کا رخ ہی نہیں کیا اور لاکھوں روپے کی کاسٹ پر مشتمل ڈرامہ دیکھنے ہی کوئی نہ آیا ان حالات نے جہاں آرٹسٹوں کو مایوس کیا وہاں ڈرامہ پروڈیوسرز بھی پریشانی کا شکار بن گئے ان پروڈیوسرز کا کہنا تھا کہ اتنا عرصہ تھیٹرز کی بندش نے پہلے ہی بدحال کردیا تھا رہی سہی کسر کھلنے کے بعد نکل گئی ہے ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومتی ایس او پیز کی پاسداری کررہے ہیں مگر جب کوئی ڈرامہ دیکھنے ہی نہیں آئے گا تو ہم تو دیوالیہ ہو جائینگے کیونکہ ہم نے مہنگے سینیٹائزرگیٹ لگوائے سیکیورٹی الرٹ کی اور درمیانی فاصلہ کے ساتھ شائقین کی سیٹنگ کروائی مگر اتنے کم لوگ ڈرامہ دیکھنے آرہے ہیں جس سے اتنی مہنگی کاسٹ اور سیٹ کا خرچہ بھی پورا ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔

(جاری ہے)

ان پروڈیوسرز کا کہنا تھا کہ حکومت تھیٹرز اوپن کرنے کے ساتھ ساتھ ہمیں آسان شرائط پر قرضہ فراہم کرتی تاکہ ہم تھیٹرز کے اخراجات پورے کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو تفریحی سہولیات دے سکتے مگر افسوس ہمیں بے یارو مددگار چھوڑ دیا گیاہے اگر محرم کے بعد بھی یہی حال رہاتو تھیٹرز انڈسٹری کا یہ باب بھی ہمیشہ کے لیئے بندہوجائیگا۔