سعودی خاتون ڈرائیور نے 2 سگے بھائیوں کو کچل ڈالا، ایک جاں بحق دُوسرا شدید زخمی

شقرہ کے علاقے دو ٹیچر بھائی چہل قدمی کر رہے تھے جب خاتون کی خراب ڈرائیونگ کے نتیجے میں گاڑی کی زد میں آ گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 14 اگست 2020 11:53

سعودی خاتون ڈرائیور نے 2 سگے بھائیوں کو کچل ڈالا، ایک جاں بحق دُوسرا ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 اگست 2020ء) سعودی عرب میں ایک خاتون ڈرائیور کی غفلت سے دو سگے بھائی گاڑی تلے آکر کُچلے گئے جس کے نتیجے میں ایک بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہے۔ سعودی اخبار المرصد کے مطابق یہ واقعہ شقرہ کے علاقے میں پیش آیا۔ جب دو بھائی روزانہ کے معمول کے مطابق سڑک کے کنارے چہل قدمی کر رہے تھے جب ایک خاتون ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گاڑی ان دونوں بدنصیب بھائی پر چڑھ دوڑی۔

ایک بھائی کی موت ہو گئی جبکہ دُوسرا ہسپتال میں شدید زخمی حالت میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہے۔ پولیس کے مطابق سڑک سے گزرنے والی ایک کار کے موڑ کاٹنے پر خاتون ڈرائیور گھبرا گئی جس کی وجہ سے یہ المناک واقعہ پیش آیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زندہ بچ جانے والے بھائی کی حالت اب سُدھر رہی ہے۔

(جاری ہے)

دونوں بھائی ایک تعلیمی ادارے میں پڑھاتے تھے۔

اس واقعے نے اہل علاقہ کو سوگوار کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ کہ کچھ عرصہ قبل بیش کمشنری میں بھی ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا۔ جہاں ساحلِ سمندر پر ایک خاتون ڈرائیونگ میں مہارت حاصل کرنے کی خاطر اپنے خاوند اور شیر خوار بچے کے ساتھ آئی۔سعودی خاتون گاڑی چلا رہی تھی جب ناتجربہ کاری کے باعث گاڑی اُس کے قابو سے باہر ہو گئی اور وہیں قریب ہی موجود اُس کے خاوند اور ننھے بچے پر چڑھ دوڑی۔

جس کے نتیجے میں خاتون کا بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اُس کا شوہر شدید زخمی ہو گیا، جسے تشویش ناک حالت میں ہسپتال پہنچا یا گیا تھا۔ حادثے کی ذمہ دار خاتون نے بتایا کہ وہ اپنے خاوند اور بچے کے ساتھ تفریح کی غرض سے بیش کے ساحلِ سمندر پر آئی تھی۔ جہاں اُس نے اپنے خاوند سے ڈرائیونگ سیکھنے کی فرمائش کی جس پر خاوند نے گاڑی اُس کے حوالے کر دی اور خود پاس ہی کھڑا ہو کر اپنی بیوی کی ڈرائیونگ دیکھنے لگا۔ اسی دوران گاڑی سعودی خاتون کے قابو سے باہر ہو کر خاوند اور اس کے پاس موجود بچے پر چڑھ دوڑی اور انہیں کچلتی ہوئی کئی فٹ دُور لے گئی۔ جس کے باعث یہ اندوہناک سانحہ پیش آیا۔